کوشش کروں گا پرفارم کرکے ناقدین کوغلط ثابت کروں، فواد عالم

ویب ڈیسک  اتوار 8 دسمبر 2019
قومی ٹیم میں سلیکشن پربہت خوش ہوں، فواد علم

قومی ٹیم میں سلیکشن پربہت خوش ہوں، فواد علم

 کراچی: قومی ٹیسٹ ٹیم میں دس سال بعد واپسی کرنے والے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کا کہنا ہے کہ کوشش کروں گا پرفارم کرکے دوسروں کوغلط ثابت کروں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد عالم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی خوش آیند ہے، ٹیسٹ کرکٹ کے لیے سری لنکا ٹیم کی آمد سے دنیا میں اچھا پیغام جائے گا۔

ٹیسٹ ٹیم میں 10 سال بعد واپسی پر فواد عالم نے کہا کہ قومی ٹیم میں سلیکشن پربہت خوش ہوں، لمبے عرصے بعد واپسی پر خوشی ملتی ہے، کرکٹ روزی روٹی ہے ، چھوڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، انشاللہ قومی ٹیم میں اچھا پرفارم کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ کلب کرکٹ ہویا ڈومیسٹک پرفارمنس کا دباؤ رہتا ہے، کوشش کروں گا پرفارم کروں اوردوسروں کوغلط ثابت کروں۔

فواد عالم نے کہا کہ کبھی کبھی افسوس ہوتا تھا کہ نام ٹیم میں نہیں آریا لیکن ہمارا کام صرف پرفارم کرنا ہے اور دستک دینا ہے، پرفارم کرتے رہیں تو ایک دن دروازہ ضرورکھل جاتا ہے، جتنی کارکردگی دکھائیں اتناہی سلیکشن کا موقع ملتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے بیٹنگ اسٹائل کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا، بیٹنگ اسٹائل پر ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی چندرپال سے موازنہ کیا گیا، چندرپال نے نصیحت کی تھی کہ بیٹنگ اسٹائل پر تنقید کو رنز بنا کر جواب دینا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔