سائٹ کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد گرفتار ہٹ لسٹ برآمد

الطاف اورزبیرنے بلوچستان میں بم بنانے کی تربیت حاصل کی،رینجرزکے دفتراورامام بارگاہ پردھماکے کا منصوبہ تھا،راجہ عمرخطاب


Staff Reporter October 31, 2013
غنی چورنگی سے گرفتار کیے جانے والے کالعدم تنظیم کے مبینہ کارکن زبیر بلوچ اور الطاف بلوچ۔ فوٹو : ساجد رؤف/ ایکسپریس

سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گردوں کوگرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا، سی آئی ڈی پولیس نے ایک اور کارروائی میں فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان کو گرفتارکر کے اسلحہ اورچھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی۔

تفصیلات کے مطابق سی آئی ڈی پولیس کے انسداد دہشت گردی ونگ نے سائٹ کے علاقے غنی چورنگی کے پولیس مقابلے میں 2 ملزمان الطاف بلوچ اور زبیر بلوچ کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا گیا، سی آئی ڈی کے انسداد دہشت گردی سیل کے سر براہ راجہ عمر خطاب نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس مقابلے میں گرفتار کیے جانے والے ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی اور کالعدم تحریک طالبان سے ہے، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان رواں ماہ 11 اکتوبر کو منگھوپیر میں اجتماع گاہ کے قریب بم دھماکے میں ہلاک ہونیوالے 3 دہشت گردوں کے ساتھی ہیں، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے قلعہ عبداﷲ گلستان صوبہ بلوچستان میں قائم کیمپ سے بم بنانے کی تربیت حاصل کی ہے۔

اس وقت گرفتار ملزمان کا کراچی میں امیر رفیع اﷲ تھا جو منگھوپیر بم دھماکے میں ہلاک ہو گیا اس کے بعد گرفتار ملزمان کا امیر امان کو بنایا گیا ،راجہ عمر خطاب نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے ملزمان کے قبضے سے ملنے والی اہداف کی فہرست کے مطابق گرفتار ملزمان کو لیاری میں رینجرز کے دفتر اور اورنگی میں امام بارگاہ پر بم دھماکے کرنے تھے۔



انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ لیاری میں ایک تنظیم امارات اسلامیہ افغانستان بھی سرگرم ہے جس کے امیر کا نام اسماعیل پٹھان ہے، دوسری جانب سی آئی ڈی پولیس نے فائرنگ کے تبادلے میں لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے 2 ملزمان عبدالرحمان عرف عبدالرحیم عرف سائیں ولد محمد سلیمان اورکامران عرف بابا ولد محمد صدیق کو گرفتارکر کے ان کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول، 50 راؤنڈ اورکورنگی صنعتی ایریا کے علاقے سے چھینی گئی موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی۔

سی آئی ڈی انویسٹی گیشن کے انچارج مظہر مشوانی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ بغدادی ، سائٹ اے ، سائٹ بی اور میٹھادر کے علاقوں میں قتل، اقدام قتل کی15 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے آئی سی آئی پل کے نیچے2 بھائیوں اورکھارادرکے علاقے میں عدنان ولد عبدالحمید کو مخبری کے شبہ میں قتل بھی کیا تھا۔