حمزہ علی عباسی کی شوبز میں نئے اندازمیں واپسی

ویب ڈیسک  منگل 10 دسمبر 2019
مستقبل میں حمزہ علی عباسی حب الوطنی اور روحانیت پر مشتمل کرداروں میں نظر آئیں گے، ہمایوں سعید فوٹوفائل

مستقبل میں حمزہ علی عباسی حب الوطنی اور روحانیت پر مشتمل کرداروں میں نظر آئیں گے، ہمایوں سعید فوٹوفائل

کراچی: کچھ عرصہ قبل اداکاری کو خیرباد کہنے والے سابق اداکار حمزہ علی عباسی ایک نئے انداز میں شوبز میں واپسی کررہے ہیں جس کی تصدیق ہمایوں سعید نے کی ہے۔

اداکار حمزہ علی عباسی نے گزشتہ ماہ ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے اداکاری کو خیرباد کہہ کر اپنے مداحوں کو حیران کردیا تھا۔ حمزہ علی عباسی کا کہنا تھا کہ وہ اب اپنی زندگی اسلام کے مطابق  گزاریں گے اور اسلام کا پیغام عام کریں گے۔ تاہم اب ہمایوں سعید نے حمزہ علی عباسی کی شوبز میں واپسی کی تصدیق کردی ہے۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: حمزہ عباسی نے شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہہ دیا

ایک بین الاقوامی ویب سائٹ کو دئیے گئے انٹرویو میں ہمایوں سعید نے اپنے دوست اور ساتھی اداکار حمزہ علی عباسی کے شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے فیصلے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ کچھ عرصے سے اسکالر بننے کا سوچ رہے تھے جس کے لیے انہوں نے تعلیم بھی حاصل کرنی شروع کردی تھی۔

ہمایوں سعید نے کہا دراصل حمزہ علی عباسی نے کچھ مدت کے لیے شوبز کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا تھا۔ لیکن مستقبل میں وہ حب الوطنی اور روحانیت پر مشتمل کرداروں میں نظر آئیں گے۔ اس کے علاوہ حمزہ علی عباسی ہدایت کاری کے میدان میں بھی قدم رکھ رہے ہیں۔

اس خبرکوبھی پڑھیں: خدا حمزہ علی عباسی کو ثابت قدم رہنے کی طاقت دے

ہمایوں سعید نے کہا میں حب الوطنی کے موضوع پر فلم بنانے کی منصوبہ بندی کررہاہوں جس کی ہدایت کاری حمزہ علی عباسی کریں گے۔ پراجیکٹ کے حوالے سے سوائے نام کے تقریباً ہر چیز مکمل ہے۔

واضح ہے کہ ہمایوں سعید بہترین اداکار ہونے کے ساتھ کامیاب پروڈیوسر بھی ہیں۔ حال ہی میں ان کا پروڈیوس کردہ ڈراما ’میرے پاس تم ہو‘ کامیابی کے جھنڈے گاڑ رہاہے اس کے علاوہ ہمایوں سعید ’میں ہوں شاہد آفریدی‘، ’جوانی پھر نہیں آنی‘ اور ’جوانی پھر نہیں آنی2‘ کے شریک پروڈیوسر بھی رہ چکے ہیں۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔