اپنے ملک میں کھیلنے پر بے حد خوش ہوں، نسیم شاہ

ویب ڈیسک  بدھ 11 دسمبر 2019
کوشش ہو گی ملک کے لیے اچھا پرفارم کروں، نسیم شاہ

کوشش ہو گی ملک کے لیے اچھا پرفارم کروں، نسیم شاہ

 راولپنڈی: قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ اپنے ملک میں کھیلنے پر بے حد خوش ہوں۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ کے پہلے دن کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ پچ فاسٹ بولرز کے لیے سازگار تھی،  لنچ سے پہلے بھی وکٹ لینے کی کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکا، ہماری کوشش ہوگی سری لنکن ٹیم کو 250 پر آؤٹ کردیں۔

نسیم شاہ نے کہا کہ اپنے ملک میں انٹرنیشنل میچ کھیلنے پر بے حد خوش ہوں، پاکستانی گراؤنڈ میں شائقین کے سامنے کھیلنے کا مزا آتا ہے پریشر کوئی نہیں تھا لیکن بہت پرجوش تھا، ہر گیند کے ساتھ شائقین نے بہت سپورٹ کیا بہت مزا آیا،  کراؤڈ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو وقت نکال کر میچ دیکھنے آئے۔

ایک سوال کے جواب میں نسیم شاہ نے کہا کہ کوچز بہتر سمجھتے ہیں کہ وکٹ میں اسپنر کی ضرورت ہے یا نہیں، لنچ بریک کے بعد کچھ حکمت عملی تبدیل کی جس کا نتیجہ اچھا ملا۔ انہوں نے کہا کہ کوشش ہے جتنا کھیلوں اپنے ملک کے لئے کھیلوں تاکہ لوگ اچھے لفظوں میں یاد کریں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔