ایل او سی پر بھارتی فائرنگ دو شہری شہید اور اہلکاروں سمیت 5 زخمی بھارتی چیک پوسٹ تباہ

پاک فوج کی جوابی کارروائی میں بھاری جانی نقصان ہوا اور بھارتی پوسٹ سے لاشوں کو نکالتے ہوئے دیکھا گیا، آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک December 19, 2019
فائرنگ کے تبادلے میں 3 پاکستانی فوجی زخمی بھی ہوئے، آئی ایس پی آر۔ فوٹو:فائل

بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ سے 2 شہری شہید اور خاتون سمیت 2 افراد اور تین فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ پاک فوج کی جوابی کارروائی سے بھارتی چیک پوسٹ تباہ ہوگئی جس میں کئی بھارتی فوجیوں کے مرنے کی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف کی اور ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایل او سی کے جورا سیکٹر پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے 2 معصوم شہری شہید اور خاتون سمیت 2 شہری زخمی ہوگئے، شہید ہونے والوں میں 14 سال کا شہریار اور 29 سال کا نوید شامل ہیں جب کہ بھارتی فوج کی لسواگاوٴں پر فائرنگ سے خاتون سمیت 2 شہری زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی فورسز کی اشتعال انگیزی پر بھرپور جوابی کارروائی کی اور بھارتی چوکی کو نشانہ بنایا، پاک فوج کی کارروائی میں بھارتی فوج کی چوکی تباہ ہوگئی اور بھاری جانی نقصان ہوا جب کہ بھارتی چیک پوسٹ سے لاشوں کو نکالتے ہوئے دیکھا گیا ہے، پاک فوج اور بھارتی فورسز میں فائرنگ کے تبادلے میں 3 پاکستانی فوجی زخمی بھی ہوئے۔

مقبول خبریں