ماہرہ خان کا ’دو ٹکے کی عورت‘ کہنے والی خاتون صارف کو کرارا جواب

ویب ڈیسک  جمعـء 20 دسمبر 2019
آپ کی ذہنیت آپ کے لفظوں میں صاف نظر آرہی ہے۔ ماہرہ خان کا خاتون کو جواب فوٹوفائل

آپ کی ذہنیت آپ کے لفظوں میں صاف نظر آرہی ہے۔ ماہرہ خان کا خاتون کو جواب فوٹوفائل

کراچی: عالمی شہرت یافتہ پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے انہیں ’’دو ٹکے کی عورت‘‘ کہنے والی خاتون صارف کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اس خاتون کو بہترین تعلیم اور تربیت کی ضرورت ہے۔

مومل نامی ٹوئٹر صارف نے ماہرہ خان کے لیے انتہائی نازیبا زبان اور الفاظ استعمال کرتے ہوئے ان پر نامناسب الزامات لگائے اور کہا کہ  آپ جیسی ’’دوٹکے کی عورت‘‘ کی معاشرے میں کوئی حیثیت نہیں۔

ماہرہ خان اکثر خود پر ہونے والی تنقید کا جواب نہیں دیتیں تاہم اس بار ماہرہ خان نے خاتون صارف کو ان کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا آپ کی ذہنیت آپ کے لفظوں میں صاف نظر آرہی ہے۔ میری کمائی حلال کی ہے ورنہ آپ کو اچھے اسکول بھیجنے کا ذمہ میں اٹھاتی۔ جہاں تک بات رہی ’’دو ٹکے‘‘ کی ہم جیسی عورتیں اپنے آپ پر قیمت نہیں لگاتیں اور نہ ہی کسی اور انسان پر۔

https://twitter.com/TheMahiraKhan/status/1207661878257897472

سوشل میڈیا پر ماہرہ خان کے خاتون صارف کو دئیے گئے جواب کو بے حد سراہا جارہا ہے جب کہ ان کے لیے اتنے انتہائی نازیبا زبان استعمال کرنے پر خاتون کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

اداکار شان نے خاتون صارف کے الفاظوں اور انداز پر تنقید کرتے ہوئے کہا زبان اور الفاظ دونوں سے آپ کا معیار نظر آتا ہے۔ بہت شرم آرہی ہے آپ کو پاکستانی کہتے ہوئے۔ ماہرہ خان ایک پاکستانی ہیں، انہوں نے اپنے کام سے عزت کمائی ہے آپ ان سے جینے کا طریقہ سیکھیں۔

سمیرا خان نامی صارف نے بھی ماہرہ خان کی حمایت کرتے ہوئے مومل  کو مخاطب کرتے ہوئے کہا اس بہن کو ایک بات کہنا چاہوں گی سیانے کہتے ہیں کہ سوچ سمجھ کر بولا کرو الفاظ نسلوں کا تعارف کرادیتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔