کوسٹ گارڈ کی کارروائیوں میں 290 غیر ملکی گرفتار

گرفتار شدگان میں غیرقانونی طور پر سرحد عبور کرنیوالے266 افغانی بھی شامل ہیں


Staff Reporter November 04, 2013
تمام افراد کو ایف آئی اے امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا ، فوٹو: فائل

پاکستان کوسٹ گارڈ نے ایف آئی اے کے ساتھ مشترکہ اور دیگر کارروائیوں میں290 غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا۔

گرفتار افراد میں266 افغان باشندے بھی شامل ہیں ، گرفتار افراد غیر قانونی طریقے سے سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانا چاہتے تھے ، تفصیلات کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈ نے کوسٹل ہائی وے پر گوادر کے قریب ایف آئی اے کے ساتھ مشترکہ طور پر کارروائی کرتے ہوئے 240 غیر ملکی افراد کو گرفتار کرلیا ، ترجمان کوسٹ گارڈ کے مطابق گرفتار ملزمان غیر قانونی طریقے سے سرحد عبور کرکے خلیجی اور یورپی ممالک جانا چاہتے تھے۔



ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان میں 216 افغان باشندے جبکہ 24 مختلف قومیتوں کے افراد شامل ہیں، مذکورہ تمام افراد ملک کے مختلف حصوں سے یہاں پہنچے تھے ، ترجمان نے مزید بتایا کہ ایک اور علیحدہ کارروائی میں کوسٹ گارڈ نے50افغان باشندوں کو آر سی ڈی ہائی وے پر وندر کے قریب گرفتار کرلیا ، تمام افراد کوئٹہ سے کراچی جارہے تھے ، مذکورہ افراد کراچی پہنچنے کے بعد زمینی و سمندری راستوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر سرحد عبور کرکے بیرون ملک جانا چاہتے تھے، تمام افراد کو ایف آئی اے امیگریشن حکام کے حوالے کردیا گیا ۔