نیب نے رہنما مسلم لیگ(ن) احسن اقبال کوگرفتارکرلیا

ویب ڈیسک  پير 23 دسمبر 2019
میرے خلاف اس کیس سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔ احسن اقبال: فوٹو: فائل

میرے خلاف اس کیس سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہے۔ احسن اقبال: فوٹو: فائل

 راولپنڈی: مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کونیب راولپنڈی نے گرفتار کرلیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق قومی احتساب بیورو(نیب) راولپنڈی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو’نارروال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کیس‘ میں گرفتارکرلیا ہے۔

ترجمان نیب کے مطابق احسن اقبال پرالزام ہے کہ انہوں نے تین ارب روپے کا منصوبہ نارووال میں شروع کیا جس کی اصل لاگت 30 کروڑتھی، احسن اقبال کا طبی معائنہ کرایا جائے گا جس کے بعد انہیں کل احتساب عدالت میں جسمانی ریمانڈ کیلئے پیش کیا جائے گا۔

گزشتہ روزنیب حکام نے اسپورٹس سٹی میں تعمیرات کے معیارکا جائزہ لیا جس سے معلوم ہوا کہ پراجیکٹ کی تعمیرات ابھی نامکمل ہیں۔

میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ  ان کے خلاف اس کیس سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت نہیں محض اخبارکی ایک خبرپران پرالزام عائد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  حکومت نیب کا نام اپنے ایجنڈے کے لئے استعمال کررہی ہے اور نیب کے ذریعے مخالفین کی کردار کشی کررہی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کی ناکامی پر اٹھنے والی ہر آواز کو خاموش کرایا جارہا ہے، مسلم لیگ (ن) عمران خان کی دھمکیوں سے نہیں جھکے گی، نارروال اسپورٹس سٹی منصوبے پر اب تک ڈھائی ارب روپے خرچ ہوئے ہیں لیکن مجھ پرالزام لگایا گیا کہ اس منصوبے میں 6 ارب روپے کی کرپشن کی گئی، منصوبے کی منظوری اس وقت دی گئی جب میں اپوزیشن کا حصہ تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔