ٹیسٹ رینکنگ ٹنڈولکر کے پاس ٹاپ 20 میں شمولیت کا موقع

بھارتی ٹیم نے دوسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا دی


Sports Desk November 05, 2013
سچن ٹنڈولکراختتامی سیریز کا آغاز 24 ویں پوزیشن سے کریں گے۔ فوٹو: فائل

بھارتی ماسٹر بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کے آخری بار ٹاپ 20 رینکنگ میں شمولیت کا موقع موجود ہے، وہ اختتامی سیریز کا آغاز 24 ویں پوزیشن سے کریں گے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف بہتر کارکردگی انھیں 18 ویں نمبر تک پہنچا سکتی ہے، بھارت نے دوسرے نمبر پر موجود انگلینڈ کیلیے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ تفصیلات کے مطابق سچن ٹنڈولکر اس وقت ٹیسٹ بیٹنگ رینکنگ میں 24 ویں نمبر پر موجود ہیں مگر کیریئر کااختتام ٹاپ 20 کے اندر کرسکتے ہیں، اس وقت ان کا 18 ویں نمبر پر موجود میٹ پرائر سے فاصلہ صرف 15 ریٹنگ پوائنٹس ہے، اگر وہ کولکتہ یا ممبئی میں شیڈول ویسٹ انڈیز کے خلاف کسی بھی ٹیسٹ میں اچھی کارکردگی پیش کریں تو یہ پوزیشن حاصل کرسکتے ہیں۔ ٹنڈولکر اس سے قبل ٹیسٹ رینکنگ میں پانچ مرتبہ ٹاپ پوزیشن پر فائز رہ چکے۔



پہلی بار انھوں نے یہ اعزاز 1994 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ہی بہترین کارکردگی کی وجہ سے حاصل کیا، ٹنڈولکر نے برائن لارا سے ٹاپ پوزیشن چھینی تھی، پھر مارچ 1998، مئی 2000، 2002 کے آغاز اور آخری مرتبہ جون 2011 میں اس پوزیشن تک رسائی حاصل کی تھی۔ 2میچز کی اس سیریز میں ہائی رینک بھارتی بیٹسمین چتیشور پجارا اپنی رینکنگ کو مزید بہتر بناسکتے ہیں، وہ اس وقت ساتویں نمبر پر موجود ہیں، انھوں نے اپنے کیریئر میں اب تک 22 ٹیسٹ اننگز میں 65.55 کی اوسط سے 1180 رنز بنائے۔

بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل دونوں ہی اس وقت20 ویں نمبر پر موجود ہیں، ویرت کوہلی اور ڈیرن براوو 22 ویں پوزیشن آپس میں شیئر کررہے ہیں، 2008 کے آئی سی سی کرکٹر آف دی ایئر شیونرائن چندرپال دونوں ٹیموں میں سب سے ہائی رینک بیٹسمین ہیں اور اس وقت تیسری پوزیشن پر موجود ہیں، ٹاپ پر جنوبی افریقی ابراہم ڈی ویلیئرز ہیں۔ ابتدائی20 بیٹسمینوں میں پاکستان کے مصباح الحق (6)، یونس خان (9) اور اسد شفیق (17) موجود ہیں۔ بولرز میں ڈیل اسٹین سرفہرست جبکہ پاکستان کے سعید اجمل کا چوتھا اور عبدالرحمان کا 12 واں نمبر ہے۔ بھارت سیریز میں 1-0 کی فتح سے بھی دوسری پوزیشن حاصل کرسکتا ہے۔