امریکا میں طیارہ رہائشی علاقے میں گر گیا تباہ حال گھر کی ویڈیو وائرل

طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی جس نے گھر میں کھڑی کار کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا


ویب ڈیسک December 30, 2019
طیارے میں بھڑکی آگ سے گھر میں کھڑی کار بھی جل کر راکھ ہوگئی، فوٹو : ویڈیو گریب

امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے کے دو گھروں میں گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ ہلاک ہوگیا جب کہ گھر میں کھڑی کار بھی طیارے کے ساتھ جل کر راکھ کا ڈھیر ہوگئی۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست میری لینڈ میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ پرواز بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد ہچکولے کھاتا ہوا رہائشی علاقے کے دو گھروں پر گر گیا۔



طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی جس نے گھر میں کھڑی ایک کار کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جب کہ دوسرے گھر کا دروازہ بھی جل کر خاکستر ہو گیا۔ گھر کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

یہ خبر پڑھیں: امریکا میں دھند کے باعث مسافر طیارہ گر کر تباہ، 5 افراد ہلاک

حادثے میں طیارے کا پائلٹ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، خوش قسمتی سے طیارے کے گھر پر گرنے کے وقت عمارت میں کوئی بھی شخص موجود نہیں تھا۔ امریکا میں ایک ہفتے کے دوران طیارہ گرنے کا یہ چوتھا واقعہ ہے جس میں مجموعی طور پر 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔