شاہ لطیف ٹاؤن چپس فروش پرگرم تیل پھینکنے والا بھتہ خورپولیس اہلکارگرفتار

ہیڈ کانسٹیبل عبدالشکورنے بھتہ نہ دینے پر ایاز پر تشدد بھی کیا، نوجوان70سے80فیصد جھلسا ہے،ایس ایچ او فاروق ستی


Staff Reporter November 07, 2013
شہریوں کے احتجاج کے بعد پولیس حرکت میں آئی، نوجوان کی حالت تشویشناک، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا فوٹو: فائل

شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے بھتہ نہ دینے پر چپس فروش کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گرم تیل پھینک کر زخمی کرنے والے پولیس ہیڈ کانسٹیبل کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق منگل اور بدھ کی درمیانی شب شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود مرغی خانہ بس اسٹاپ کے قریب شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے شعبہ تفتیش میں تعینات پولیس اہلکار عبدالشکور نے چپس فروش کے ٹھیے سے چپس کھائے اور جب چپس فروش22 سالہ ایاز نے پولیس اہلکار سے پیسے مانگے تو وہ مشتعل ہو گیا اور اس نے اپنے دیگر2 ساتھیوں کے ساتھ ملکر چپس فروش کو پہلے تشدد کا نشانہ بنایا اور بعدازاں چپس فروش پر گرم تیل پھینک دیا جس کے نتیجے میں چپس فروش جھلس کر شدید زخمی ہو گیا۔



جسے فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا واقعے کے بعد زخمی چپس فروش کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد سڑک پر نکل آئی اور نیشنل ہائی وے مرغی خانہ اسٹاپ کے قریب پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور پولیس گردی کے خلاف شدید نعرے بازی کی، مشتعل مظا ہرین کے احتجاج کے باعث قومی شاہراہ پر بدترین ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ، اطلاع ملنے پر پولیس کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تیل پھینکنے کے واقعے میں ملوث پولیس اہلکار عبدالشکور کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

اسی صورت میں احتجاج ختم کیا جائے گا، پولیس افسران نے ملزم کی گرفتاری کی یقین دہانی کراکر احتجاج ختم کرادیا، گزشتہ روز شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے ہیڈ کانسٹیبل عبدالشکور کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، ایس ایچ او فاروق ستی نے بتایا کہ گرفتار پولیس اہلکار ایسٹ ہیڈ کوارٹرز میں تعینات تھا اور ان دنوں انٹر میڈیٹ کورس پر تھا اس سے قبل گرفتار اہلکار شاہ لطیف ٹاؤن کے شعبہ تفتیش میں تعینات تھا انھوں نے بتایا کہ تیل چھڑکنے کے واقعے میں جھلس کر زخمی ہونیوالا نوجوان 80 فیصد جھلسا ہوا ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے ۔