فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے سرور پر سائبر حملے کا خدشہ، رجسٹریشن عارضی طور پر معطل

ایف پی سی سی آئی نے 16 اگست کی دوپہر 12 بجے تک ویب سروسز کو محدود کردیا ہے


ویب ڈیسک August 13, 2026

سائبر حملوں کے پیش نظر ایف پی ایس سی نے آن لائن ایپلیکیشن اور رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سائبر حملوں کے پیش نظر ایف پی ایس سی نے اہم قدم اٹھاتے ہوئے رجسٹریشن کو عارضی طور پر معطل کیا ہے۔

حکام کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر سائبر حملوں کا خدشہ ہے جس کے باعث فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے ویب سروسز پر آن لائن ایپلیکیشن اور رجسٹریشن عارضی طور پر معطل کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ممکنہ سائبر خطرات کے پیش نظر ایف پی ایس سی ویب سروسز ریڈ اونلی موڈ تک محدود پر منتقل کردیا گیا ہے اور یہ 16 اگست تک ایسے ہی رہے گا۔

عوام کے نام جاری پیغام میں کہا گیا ہے کہ ایف پی ایس سی ویب سروسز آج صبح 10 بجے سے ریڈ اونلی موڈ پر ہے، 13 اگست صبح 10 سے 16 اگست دوپہر 12 بجے تک ویب سروسز محدود رہیں گی۔

پبلک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ایم پی ٹی 2027 کی آن لائن رجسٹریشن اور درخواست کی سہولت عارضی طور پر بند ہے اور اب رجسٹریشن کا عمل 16 اگست کی دوپہر 12 بجے سے شروع ہوگا۔

امیدواروں سے رابطے کے نظام ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ

دریں اثنا فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے امیدواروں سے رابطے کا نظام ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جنرل ریکروٹمنٹ امیدواروں کو اطلاعات بذریعہ ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس دی جائیں گی۔

ایف پی ایس سی نے جنرل ریکروٹمنٹ کے امیدواروں کیلئے پبلک نوٹس جاری کر دیا جس کے مطابق دستاویزات کی جانچ پڑتال، انٹرویو اطلاع بھی ویب نوٹس، ای میل، ایس ایم ایس سے دی جائے گی، درخواست مسترد ہونے کی وجہ بھی بذریعہ ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس بتائی جائے گی، نمائندگی یا نظر ثانی کی پٹیشن مسترد ہونے کی اطلاع بھی بذریعہ ویب نوٹس، ای میل، ایس ایم ایس دی جائے گی۔

پبلک نوٹس کے مطابق حتمی انتخاب سے متعلق اطلاع بذریعہ ویب نوٹس، ای میل اور ایس ایم ایس دی جائے گی، تقرری کے لیے امیدواروں کو اطلاع بذریعہ ڈارک کی بجائے  ای میل سے دی جائے گی۔