گورنر پنجاب سے کامیاب مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کردی

حکومت سے ہمارے معاملات طے پا گئے ہیں، اس لئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، چیئرمین ٹرانسپورٹرز


ویب ڈیسک January 02, 2020
حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے کامیاب مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے جرمانوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد بھاری جرمانوں اور اضافی ٹیکسوں کے خلاف ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال ختم کردی گئی اور لاری اڈا، جی ٹی ایس ،اسٹیشن چوک ،نڑوالا روڈ سے ٹرانسپورٹ کی آمد و رفت شروع ہوگئی ہے۔

حکومت نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرنے کے لیے ایک ماہ کا وقت مانگ لیا۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اور ٹرانسپورٹرز کے 4،4 ممبران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، کمیٹی رنگ روڈ کے ٹول ٹیکس ، اضافی جرمانوں کے مسائل حل کرے گی۔

دوسری جانب چیئرمین ٹرانسپورٹرز عصمت اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ ہمارے معاملات طے پا گئے ہیں، اس لئے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، ٹرانسپورٹ پورے پاکستان کا وجود ہے، کامیاب مذاکرات پر گورنر پنجاب اور وزیر ٹرانسپورٹ کا مشکور ہوں، ماضی میں حکومتیں وعدے کرتی تھیں لیکن بعد میں دروازے میں بھی گھسنے نہیں دیتی، فی الحال جرمانوں اور کسٹم کو ختم کر دیا گیا ہے اور آج رات سے ہی اپنے معاملات معمول کے مطابق چلائیں گے۔

اس سے قبل ملک بھرمیں ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن نے جرمانوں میں اضافے کیخلاف بس اڈوں سے ٹرانسپورٹ مکمل بند کرتے ہوئے ہڑتال کردی تھی، جس کے باعث مسافرسخت مشکال سے دوچار رہے۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرانسپورٹرز کا ملک بھر میں 2 جنوری کوپہیہ جام ہڑتال کا اعلان

ٹرانسپورٹرزکا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے بے جا جرمانوں سے ہمارا نقصان ہورہا ہے، جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ موخرکرنے تک ہڑتال جاری رہے گی۔ ٹرانسپورٹرز نے موٹروے، ہائی وے، رنگ روڈ پر ٹول پلازہ جرمانوں سمیت دیگر اضافی ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

ادھر مسافروں کا کہنا تھا کہ حکومت کی نااہلی کے خلاف ہرطرف احتجاج اورہڑتالیں ہورہی ہیں، حکومت جلد ازجلد ٹرانسپورٹرز کے ساتھ معاملات حل کرے تاکہ مسافروں کی پریشانی ختم ہو۔

دوسری جانب وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کے بعد جرمانوں میں اضافے کا فیصلہ عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔