بالی ووڈ میں فلم کی پیشکش پر عمران خان نے کیا جواب دیا ویڈیو وائرل

میں نے کبھی اسکول کے ڈراموں میں بھی اداکاری نہیں کی، عمران خان


ویب ڈیسک January 02, 2020
میں نے کبھی اسکول کے ڈراموں میں بھی اداکاری نہیں کی، عمران خان

وزیراعظم عمران خان کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جس میں وہ بتاتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ جب انہیں بالی ووڈ فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی تو انہوں نے کیا جواب دیا۔

وزیراعظم عمران خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے جو ان کے بھارتی ٹی وی کو دئیے گئے ایک پرانے انٹرویو کی ہے جو انہوں نے 2006 میں دیا تھا۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان کافی دوستانہ ماحول میں انٹرویو دے رہے ہیں۔

انٹرویو کے دوران شو کے میزبان نے کافی بے تکلف انداز میں عمران خان سے سوال کیا کہ آپ بالی ووڈ میں کام کیوں نہیں کرتے؟ اس کے ساتھ ہی میزبان نے کہا کیا کبھی آپ سے یہ سوال پوچھا ہے کسی نے؟ میزبان کی جانب سے یہ سوال کیے جانے پر عمران خان کے چہرے پر مسکراہٹ آگئی اور انہوں نے کہا آپ کو یقین نہیں آئے گا بالی ووڈ کے ایک اداکار نے مجھے فلموں میں کام کرنے کے لیے کہا تھا ان کی بات سن کر میں حیران رہ گیا۔

عمران خان نے بتانے سے گریز کیا کہ کس اداکار نے انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کا کہا تھا تاہم شوکے میزبان اورآڈئنس کی جانب سے اصرار کیے جانے پر انہوں نے بتایا کہ اداکار دیو آنند نے انہیں بالی ووڈ میں کام کرنے کے لئے کہا تھا۔

عمران خان نے کہا مجھے یہ سن کر حیرت ہوئی کہ کیونکہ میں کرکٹ کھیلتا ہوں لہذٰا کوئی مجھے فلموں میں کام کرنے کے لیے کیسے کہہ سکتا ہے یہاں تک کہ میں نے کبھی اسکول کے ڈراموں میں بھی اداکاری نہیں کی۔ شو کے میزبان نے کہا آپ کی شخصیت اداکاری کے لیے موزوں ہے تاہم عمران خان بالی ووڈ فلموں میں کام کرنے کے آئیڈیے کو بالکل مسترد کردیا۔