کراچیفائرنگ وتشدد میں مذہبی جماعت کے کارکن سمیت 8 ہلاک

سہراب گوٹھ،کھوکھرآبار،جوہر،پیرآباد،لیاری وسرجانی میں فائرنگ کے واقعات، 9افرادزخمی


Staff Reporter November 07, 2013
بہارکالونی میں فائرنگ سے 16 سالہ اور چاکیواڑہ کے قریب 22 سالہ نوجوان ہلاک فوٹو: فائل

شہرمیں فائرنگ اور پر تشدد واقعات کے دوران اہلسنّت والجماعت کے کارکن سمیت 8افرادہلاک اور9زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ فلائی اوورکے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار 40 سالہ قاری لطیف اﷲ،28 سالہ زبیر اور38سالہ محمدفاروق زخمی ہوگئے جنھیں طبی امداد کیلیے عباسی شہیداسپتال لے جایا گیاجہاں قاری لطیف دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا،اہلسنّت والجماعت کے ترجمان معاویہ نے بتایا کہ مقتول لطیف اﷲ سرجانی ٹاؤن کے علاقے خدا کی بستی کا رہائشی تھا اور اہلسنّت والجماعت کا علاقائی ذمے دار تھا ، ہلاک و زخمی ہونے والے اہلسنّت والجماعت کی سہراب ریلی سے واپس جا رہے تھے کہ تعاقب سے آنے والے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کر دی۔نارتھ ناظم آبادمیٹرک بورڈ آفس کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے35 سالہ خلیل اوراس کاساتھی34 سالہ شکیل زخمی ہو گئے۔

جنھیں عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا،زخمی ہونے والے اہلسنت و الجماعت کے کارکن ہیں اوروہ بھی ریلی سے واپس آرہے تھے۔اہلسنّت والجماعت کے کارکن کی ہلاکت اور4 کارکنوں کے زخمی ہونے کی اطلاع پر اسپتال آنے والے مشتعل کارکنوں نے اسپتال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ملزمان کو جلد سے جلدگرفتارکرنے کی اپیل کی۔کھوکھرا پار نمبر2سندھ گورئمنٹ اسپتال عقب میں واقعے گلی میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 65 سالہ سیدانصارحسین زیدی کوہلاک کردیا،مقتول مکان نمبر D-36/4کارہائشی اورریٹائرسر کاری ملازم تھا،فوری طور واقعے کی نوعیت کاعلم نہیں ہوسکا۔گلستان جوہربلاک7فیلکن اسکول کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے سیکیورٹی گارڈسے اسلحہ چھین کرفائرنگ کردی۔



جس کے نتیجے میں 28 سالہ مراد بلوچ ہلاک ہوگیا،ملزمان اسلحہ پھینک کر فرار ہو گئے ،مقتول غازی گوٹھ سچل کارہائشی تھا ،پولیس کے مطابق مقتول کواس کے اپنی قریبی رشتے داروں نے فائرنگ کر قتل کیاہے۔اسلامیہ کالونی پیر آباد میں پہاڑی کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 65 سالہ حمید اﷲ کوہلاک کردیا،مقتول سہراب گوٹھ مچھر کالونی کا رہائشی ہے،پولیس کے مطابق مقتول کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان سے ہے اوراس کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ چاکیواڑہ ٹینری روڈسے ایک شخص کی ہاتھ پائوں بندی لاش ملی جسے اغواکے بعدفائرنگ کرکے قتل کردیاگیا، مقتول کی شناخت 32سالہ گل حسن کے نام سے کرلی گئی،مقتول میراں ناکہ سیدآباد لیاری کارہائشی اورلیاری گینگ کے بابالاڈلاکے بھائی زاہدلاڈلاکاانتہائی قریبی ساتھی تھاجوسنگین وارداتوں کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا۔سرجانی ٹائون کے علاقے سیکٹر4/Bمیں پر اسرار فائرنگ سے زخمی ہونے والا فیضان عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا ۔

پولیس کے مطابق واقعہ ابتدائی طورپرخودکشی معلوم ہوتا ہے تاہم مقتول کے گھر والے واقعے کو قتل بتارہے ہیں۔ بریگیڈتھانے کی حدودمیں امامیہ امام بارگاہ کے قریب فائرنگ سے40سالہ فیصل،بھیم پورہ ناگ ناتھ کمپائونڈکے قرب فائرنگ سے20سالہ محمد عمران ،لیمارکیٹ کمارواڑامیں فائرنگ سے18سالہ محمدجمال،لیاری فٹبال گرائونڈ کے قریب فائرنگ سے غلام بنی،محمودآبادچنیسرگوٹھ کے قریب فائرنگ سے 25 سالہ شخص زخمی ہوگیا۔چاکیواڑہ تھانے کی حدود لیاری مرزا آدم خان روڈ تانگہ اسٹینڈ کے قریب نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے22سالہ نامعلوم نوجوان ہلاک جبکہ26 سالہ نذر محمد ولد سہد حسن زخمی ہو گیا۔ علاوہ ازیں بہار کالونی بی روڈ یسین مسجد کے قریب فائرنگ سے 16سالہ نامعلوم نوجوان ہلاک ہوگیا۔