بنگلا دیشی عدالت کا سابق چیف جسٹس کو گرفتار کرنے کا حکم

سابق چیف جسٹس سریندکمار سنہا امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں


ویب ڈیسک January 06, 2020
سابق چیف جسٹس سریندکمار سنہا امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں

ISLAMABAD: بنگلا دیش کی عدالت نے سابق چیف جسٹس سریندر کمار سنہا کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق بنگلا دیش کی عدالت نے ملک سے مفرور سابق چیف جسٹس سریندر کمار سنہا سمیت دیگر افراد کو بدعنوانی کے الزامات پر گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔

کیس کی سماعت کے اختتام پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ عدالت نے سابق چیف جسٹس اور دیگر 10 افراد کی گرفتاری کا حکم 5 ملین ڈالر کی رقم چوری کرنے کے الزام میں دیا جب کہ یہ تمام ملزمان مفرور ہیں۔

سینئر اسپیشل جج کے ایم امرول کایش نے چارج شیٹ میں سابق چیف جسٹس کے مفرور ہونے پر تمام ملزمان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جب کہ عدالت نے پولیس کو 22 جنوری تک وارنٹ گرفتاری پر عمل کرکے رپورٹ جمع کروانے کا بھی حکم دیا۔

خیال رہے سابق چیف جسٹس سریندر کمار سنہا کی سربراہی میں بنگلادیش کی سپریم کورٹ نے حکومت کے خلاف تاریخی فیصلہ دیا تھا جس کے بعد سابق چیف جسٹس سریندر کمار یہ کہہ کر ملک سے فرار ہوگئے تھے کہ ان پر مستعفیٰ ہونے کے لیے دباو ڈالا جارہا ہے۔

بعد ازاں بنگلادیش کی اینٹی کرپشن کمیشن (اے سی سی) کی جانب سے 11 افراد کے خلاف بدعنوانی کے مقدمات درج کیے گئے تھے۔

واضح رہے سابق چیف جسٹس سریندکمار سنہا ان دنوں امریکا میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

مقبول خبریں