معروف قانون دان فخر الدین جی ابراہیم انتقال کرگئے

فخرالدین جی ابراہیم سپریم کورٹ کے جج رہنے کے علاوہ وزیر قانون، اٹارنی جنرل، گورنر سندھ اور چیف الیکشن کمشنر بھی رہے


ویب ڈیسک January 07, 2020
فخرالدین جی ابراہیم 2 فروری 1928 کو بھارتی ریاست گجرات میں پیدا ہوئے فوٹو: فائل

نامور قانون دان اور سابق چیف الیکشن کمشنر فخرالدین جی ابراہیم طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق معروف قانون دان فخرالدین جی ابراہیم کراچی میں انتقال کرگئے ہیں، وہ طویل عرصے سے علیل تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے سماجی مصروفیات ترک کردی تھیں۔ ان کی نمازجنازہ شام 7 بجے ادا کی جائے گی جب کہ تدفین میوہ شاہ قبرستان میں کی جائے گی۔

اہم شخصیات کا اظہار تعزیت

فخر الدین جی ابراہیم کے انتقال پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، قائم مقام چیف الیکشن کمشنر الطاف ابراہیم قریشی اور دیگر اہم شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔

فخرالدین جی ابراہیم کون تھے؟

فخرالدین جی ابراہیم 2 فروری 1928ء کو بھارتی ریاست گجرات میں پیدا ہوئے۔ قیام پاکستان کے بعد وہ اپنے خاندان کے ہمراہ پاکستان آگئے اور کراچی میں سکونت اختیار کی۔

انہوں نے برطانیہ سے قانون کی تعلیم حاصل کی اور پاکستان میں 1952ء میں وکالت کا آغاز کیا۔ سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے علاوہ سپریم کورٹ کے جج بھی رہے تاہم انہوں نے جنرل ضیا الحق کے دور حکومت میں پی سی او کے تحٹ حلف اٹھانے سے انکار کردیا اور دوبارہ وکالت کرنے لگے۔

فخرالدین جی ابراہیم گورنرسندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائزرہ چکے ہیں تاہم ہر مرتبہ انہوں نے اصولی موقف پر اہم ترین عہدوں کو قربان کردیا۔ 14 جولائی 2012ء کوالیکشن کمیشن پاکستان کا سربراہ مقررہوئے۔

سال 2012ء کو فخر الدین جی ابراہیم چیف الیکشن کمشنر مقرر ہوئے۔ 2013ء کے انتخابات بھی ان ہی کی نگرانی میں ہوئے تاہم اس کے بعد انہوں نے اپنی آئینی مدت مکمل کرنے کے بجائے عہدہ چھوڑ دیا۔

سب کے فخرو بھائی

اعلی عدلیہ کے ججزسمیت وکلا برادری اور سیاستدانوں میں فخر الدین جی ابراہیم کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا، انہیں ہر خاص و عام فخرو بھائی کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔