افغان اور پاکستانی طالبان میں کوئی فرق نہیں رحمن ملک

ملا فضل اﷲ جھوٹا انسان ہے ہماری حکومت کے ساتھ معاہدہ کرنے کے باوجود 24 گھنٹوں میں مکرگیا تھا


INP November 09, 2013
پیپلزپارٹی حکومت نے تو ملا فضل اﷲ کوملک سے بھاگنے پرمجبور کردیا تھا، سابق وفاقی وزیر داخلہ۔ فوٹو: فائل

سابق وزیرداخلہ اورسینیٹررحمن ملک نے کہا ہے کہ افغان اور پاکستانی طالبان میں کوئی فرق نہیں دونوں اندر سے ایک ہیں۔

طالبان کی نئی قیادت سے مذاکرات وقت کا زیاں ہوگا، ہماری حکومت نے تو ملا فضل اﷲ کوملک سے بھاگنے پرمجبور کردیا تھا، دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ''ظالمان'' کے خلاف فوری آپریشن ہی مسئلے کا واحد حل ہے۔ جمعے کو پارلیمنٹ کے باہرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کو مذاکرات کے لیے تمام سیاسی جماعتوں نے مینڈیٹ دیاہے لیکن صورتحال تبدیل ہوچکی ہے طالبان کی نئی قیادت ملا فضل اﷲ کے ساتھ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔



ملا فضل اﷲ جھوٹا انسان ہے ہماری حکومت کے ساتھ معاہدہ کرنے کے باوجود 24 گھنٹوں میں مکرگیا تھا اس لیے حکومت نے آپریشن کرکے سوات کوخالی کرایا تھا۔ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں ملا فضل اﷲ کی جرات نہیں تھی کہ وہ پاکستان میں قدم رکھ سکے۔ دونوں طالبان کی ڈوریاں ایک ہی جگہ سے ہلائی جارہی ہیں۔ حکومت دہشت گردی کا خاتمہ چاہتی ہے تو فوری آپریشن شروع کرے ''ظالمان'' کو انسانیت سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔