جناح اسپتال میں فزیو تھراپی کے طلبا کا ڈاکٹر پر تشدد عملے میں اشتعال

سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے تشددسے آرتھوپیڈک یونٹ کے ڈاکٹر عبدالغفارشدید زخمی ہوئے


Staff Reporter November 10, 2013
اسپتال انتظامیہ نے پولیس طلب کرکے غنڈے طلبہ کو گرفتار کرادیا، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل عملے کا احتجاج،جے پی ایم سی میں کشیدگی فوٹو: فائل

جناح اسپتال میں فزیو تھراپی کے طالبعلموں نے تشددکرکے ڈاکٹر کو شدید زخمی کردیا۔

جے پی ایم سی میں ڈاکٹروں کے احتجاج کے بعد کشیدگی پھیل گئی، اسپتال انتظامیہ نے پولیس طلب کرکے ڈاکٹر پر تشدد کرنے والے فزیوتھراپی کے طالب علموں کو گرفتار کرادیا ،تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو جناح اسپتال میں اسکول آف فزیوتھراپی کے طالب علم اپنا ایک مریض لیکر اسپتال کے آرتھوپیڈک یونٹ پہنچے اور ڈیوٹی پر موجودہ ڈاکٹر عبدالغفارکو مریض کے چیک اپ کیلیے کہا ڈاکٹرعبدالغفار پہلے ہی دوسرے مریض کامعائنہ کررہے تھے کہ اسی اثنا سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے فزیوتھراپی کے طالب علموں نے ڈاکٹر عبدالغفارسے تلخ کلامی شروع کردی جس کے بعد فزیو تھراپی کے طالب علموں نے ڈاکٹرعبدالغفار کو شدید تشددکا نشانہ بنایا واقعے کی اطلاع پر آتھوپیڈک وارڈ سمیت جے پی ایم سی کے ڈاکٹروں نے ساتھی پر تشدد کے خلاف شدید احتجاج کیا اور اسپتال میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی۔



جب ڈاکٹر پر تشدد کے واقعے کی اطلاع جے پی ایم سی انتظامیہ کو ملی تو اسپتال کی ڈپٹی جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی نے پولیس کو طلب کرلیا جس پر پولیس موقع پرپہنچ گئی اور تشدد کرنے والے 7 طالب علموں کو گرفتار کرلیا،ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ سیاسی جماعت کے طلبا کا ڈاکٹر پر تشدد قابل مذمت اور ناجائز ہے، واقعے کے بعد پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزمان کو گرفتار کرکے صورتحال پر قابو پالیا، دوسری طرف اسپتال میں ڈاکٹر پر تشدد کے خلاف جے پی ایم سی کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل عملے میں شدید اشتعال پھیل گیا اور صورتحال کشیدہ ہوگئی۔