سری لنکا سے سیریز پاکستان کو نئے کوچ کا ساتھ میسر ہوگا

وقار یونس مضبوط امیدوار،ڈیو واٹمورکے ساتھ فاؤنٹین کوبھی فارغ کرنے کی تیاریاں


Sports Reporter November 10, 2013
ڈیو واٹمور بھی پی سی بی کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔

سری لنکا سے آئندہ ماہ شیڈول سیریز میں پاکستان کو نئے کوچ کا ساتھ میسر ہوگا، پی سی بی نے ڈیوواٹمور کے ساتھ جولین فائونٹین کو بھی فارغ کرنے کی تیاریاں شروع کردیں، ذمہ داری سنبھالنے کیلیے وقار یونس مضبوط امیدوار ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کو ایک بار پھر غیر ملکی کوچ کی مہنگی ترین خدمات راس نہیں آئیں، ڈیو واٹمور اور ان کے معاون جولین فائونٹین کا معاہدہ آئندہ سال کے اوائل تک کا ہے،اس میں توسیع نہ کرنے کی اطلاعات پہلے ہی گردش میں تھیں، اب حتمی فیصلہ کر لیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت پر بڑے فیصلوں کا اختیار کھونے والے چیئرمین ایڈہاک کمیٹی نجم سیٹھی کو بھی سپریم کورٹ سے ریلیف ملنے کے بعد اب دور کی سوجھنے لگی ہے، متحدہ عرب امارات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وہ کوچنگ اسٹاف کی چند روز میں تبدیلی کا اشارہ دے چکے۔



ڈیو واٹمور بھی پی سی بی کے ساتھ مزید کام جاری رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتے، سابق آسٹریلوی کرکٹر نے نوشتہ دیوار پڑھتے ہوئے دیگر بورڈزکے ساتھ بات چیت شروع کی ہوئی ہے،کچھ عرصے قبل وقار یونس نے اچانک قذافی اسٹیڈیم میں پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا توواٹمور کی تشویش چہرے پر عیاں تھی، انھوں نے فیلڈنگ کوچ جولین فائونٹین کے ساتھ بات کرتے ہوئے اس خدشے کا بھی اظہار کیا تھا کہ پاکستان سے ان کا بوریا بستر کسی وقت بھی گول کیا جاسکتا ہے، نئی صورتحال میں اس بات کا امکان پیدا ہوگیا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین آئندہ ماہ سیریز کے دوران قومی ٹیم کی باگ ڈور کسی ملکی کوچ کے ہاتھوں میں ہوگی، البتہ دورئہ جنوبی افریقہ میں ڈیو واٹمور ہی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔