چیئرمین نے پاکستان کی سیریز میں شکست کا ملبہ شائقین اور میڈیا پر ڈال دیا

چوتھے ون ڈے میں ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا،بدقسمتی سے حفیظ کے ڈراپ کیچ اور مصباح کی طرف سے رن آؤٹ کا موقع ضائع ہو گیا


Sports Desk November 10, 2013
شکست کے بعد ایک اسٹینڈ سے ٹیم کیخلاف نعرے بازی شروع ہوگئی،ایسا رویہ پاکستان اور کرکٹ دونوں کیلیے اچھا نہیں۔ فوٹو: فائل

پی سی بی عبوری کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان کی پروٹیز سے سیریز میں شکست کا ملبہ شائقین اور میڈیا پر ڈال دیا۔

ایک انٹرویو میں انھوں نے کہا کہ چوتھے ون ڈے میں ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا لیکن بدقسمتی سے حفیظ کے ڈراپ کیچ اور مصباح الحق کی طرف سے رن آئوٹ کا موقع ضائع ہو گیا، سہیل تنویر کو جلد بیٹنگ کیلیے بھیجنے کا فیصلہ بھی درست ثابت نہ ہوسکا، چھٹی کا دن ہونے کی وجہ سے اسٹیڈیم تماشائیوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا، انھوں نے کھلاڑیوں کی بھرپور حوصلہ افزائی بھی کی لیکن شکست کے بعد ایک اسٹینڈ سے ٹیم کیخلاف نعرے بازی شروع ہوگئی،ایسا رویہ پاکستان اور کرکٹ دونوں کیلیے اچھا نہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری ٹیم شائقین اور میڈیا کے دبائو میں کھیلتی ہے،کرکٹرز کو خوف ہوتا ہے کہ پرفارم نہ کیا تو سب آڑے ہاتھوں لیں گے، اسی لیے نیچرل کھیل پیش کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔