سندھ حکومت نے میڈیا کی تنقید کو ہمیشہ اصلاح سمجھا شرجیل میمن

میڈیا حکومت کے اچھے کام بھی اجاگر کرے، اے پی این ایس،پی بی اے کے عشائیے سے خطاب


Staff Reporter November 10, 2013
8‘ 9 اور 10 محرم کو سندھ بھرکے ڈسٹرکٹ ہیڈکواٹرز میں کنٹرول سینٹر قائم کرنے کی ہدایت۔ فوٹو: فائل

صوبائی وزیر اطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ ہماری حکومت میڈیاکی آزادی پر یقین رکھتی ہے اورہم نے میڈیا کی جانب سے تنقید کو ہمیشہ اصلاح سمجھاہے اور میڈیا کے تمام مسائل کو حل کرنے کی ہمیشہ بھر پور کوشش کی ہے۔

آل پاکستان نیو ز پیپزسوسائٹی (اے پی این ایس ) اورپاکستان براڈ کاسٹ ایسوسی ایشن(پی بی اے)کے عہدیداروںکے اعزازمیں دیے گئے عشائیے کے موقع پرانھوں نے کہاکہ میڈیاپر یہ ذمے داری بھی عائدہوتی ہے کہ وہ حکومت کے اچھے کاموں کی صحیح طریقے سے اشاعت کرے،پیپلز پارٹی نے اپنے دورے اقتدارمیں ریکارڈ ترقیاتی کام کیے،بے روزگاروں کو روزگار فراہم کیااور دیگر عوام کے بنیاد ی مسائل حل کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ،حکومت کی جانب سے ترقیاتی کاموں اوردیگر فلاح و بہبودکے کاموں کو میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کیلیے میڈیا کا تعاون بہت ضروری ہے،امن وامان کے حوالے سے حکومت نے جو اقدامات کیے ہیں وہ کسی سے ڈھکے چھپے نہیں،حکومت کراچی کے شہریوں کوآرام اور سکون مہیا کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔



عشائیے میں ان دونوں تنظیموں کے عہدیداروں سرمدعلی،مسعود حامد، ڈاکٹر جبارخٹک، قاضی اسدعابد، قاضی محمد اسلم،الیاس شاکر،مختار عاقل،شکیل مسعود اور دیگر نے شرکت کی جبکہ سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر ذوالفقارشلوانی،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات یاسین شر، ڈائریکٹراطلاعات پریس انفارمیشن محمد یوسف کابورو،منصورراجپوت،انیتہ بلوچ نے بھی شرکت کی۔دریں اثنا شرجیل انعام میمن نے سندھ بھر کے تمام ایڈمنسٹریٹریٹرز اور ڈپٹی کمشنروں کو ہدایت کی ہے کہ 8'9اور 10 محرم الحرم کوسندھ بھر کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز میں کنٹرول سینٹر قائم کریں اورعوام کو مکمل طور پر سہولیات مہیاکریں،محرم الحرم کے جلوسوں کی گزر گاہوں پر صفائی ،پینے کا پانی اور اسٹریٹ لائٹ کا انتظام اطمینان بخش کیاجائے ۔صوبائی وزیر نے سیکریٹری بلدیات کو ہدایت کی کہ سندھ بھر میں محکمہ بلدیات کے ملازمین کی محرم الحرام کی چھٹیاں منسوخ کی جائیں اوربلدیاتی ملازمین کوپابندکیاجائے کہ وہ اپنے فرائض بخوبی سرانجام دیں۔شرجیل انعام میمن نے کے ای ایس سی،حیسکواورسیسکوحکام کوکہاہے کہ یوم عاشورتک مغرب سے لیکر رات 2بجے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ نہ کی جائے۔