سوچی ونٹر گیمز مشعل کا خلا میں جانا کھیلوں کی عظمت ہے قومی پلیئرز

روس کا قابل ستائش عمل، ہمارے یہاں کھیل زمین میں دھنستے جارہے ہیں،اصلاح


Sports Reporter November 11, 2013
روس کی جانب سے یہ ایک اچھا عمل ہے جسے عالمی سطح پر ستائش کی نظر سے دیکھا جارہا ہے۔فوٹو:فائل

پاکستان کے اسٹار کھلاڑیوں نے اولمپک مشعل کا خلا میں پہنچنا کھیلوں کی عظمت قرار دیا ہے۔

دنیائے کرکٹ میں لٹل ماسٹر کے نام سے معروف سابق ٹیسٹ کپتان حنیف محمد نے کہا کہ سوچی ونٹر اولمپکس سے قبل روسی خلابازوں کا اولمپک مشعل لے کر خلا میں لے جانا اولمپکس کی اہمیت اجاگر کرتا ہے اور اس سے عالمی سطح پر کھیلوں کی اہمیت بھی ثابت ہوتی ہے، انھوں نے کہا کہ حفاظتی طور پر خلامیں اولمپک مشعل کو روشن نہ کرنا درست ہے لیکن اولمپک مشعل کو آسمان کی بلندیوں سے بھی آگے لے جانا خوشگوار احساس ہے، سابق قومی ہاکی کپتان اصلاح الدین نے کہا کہ روس کی جانب سے یہ ایک اچھا عمل ہے جسے عالمی سطح پر ستائش کی نظر سے دیکھا جارہا ہے لیکن یہ بات قابل افسوس ہے کہ کھیل خلا میں پہنچ گیا مگر ہمارے ملک میں کھیل زمین میں دھنستے جارہے ہیں۔



ایشین ڈان بریڈ مین کے نام سے مشہور سابق ٹیسٹ کپتان ظہیر عباس نے کہا کہ خلانوردوں کا سویز راکٹ کے زریعے اولمپک مشعل کو لے کر خلا میں چہل قدمی کرنا ظاہر کرتا ہے کہ کھیلوں کی کوئی حدود نہیں ہوتیں، یہ تاریخی موقع ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،ایک اور سابق قومی ہاکی کپتان سمیع اللہ نے کہا کہ روس کے ذریعے اولمپک مشعل کے خلا میں پہنچنے سے امریکا کودھچکا لگا ہوگا، لیکن یہ دراصل کھیل کی جیت ہے،ایک اورسابق قومی کپتان حسن سردار نے کہا اولمپک مشعل کو زمین پر چھوٹے چھوٹے ممالک میں بھی جانا چاہیے،سابق برٹش اسکواش چیمپئن قمر زماں نے کہا کہ اولمپک مشعل کا خلا میں جانے سے سوچی اولمپکس کے بائیکاٹ کی منفی سوچ رکھنے والوں کے ہو ش اڑ گئے، قومی ٹینس چیمپئن عقیل خان نے کہا کہ اولمپک مشعل کا خلا میں پہنچناکھیل اور کھلاڑیوں کی عزت و توقیر میں اضافہ کرے گا، سابق قومی فٹبال کپتان علی نواز نے کہا کہ اس عمل نے اسپورٹس کو چار چاند لگا دیے، لیکن کاش پاکستان میں کھیلوں کو زمین پر ہی پنپنے کا موقع ملے۔