گڈ لائف اسکواش دانش اطلس فائنل میں ہمت ہار گئے

فونیکس اوپن میں حمزہ بخاری فیصلہ کن معرکے میں شکست کے بعد ٹائٹل سے محروم


Sports Desk November 12, 2013
فونیکس اوپن میں حمزہ بخاری فیصلہ کن معرکے میں شکست کے بعد ٹائٹل سے محروم۔ فوٹو: فائل

دانش اطلس گڈ لائف اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہمت ہار گئے، فونیکس اوپن میں حمزہ بخاری بھی فیصلہ کن معرکے میں شکست کے بعد ٹائٹل سے محروم رہے، دونوں پاکستانی کھلاڑی ایک بھی گیم اپنے نام کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

تفصیلات کے مطابق کینیڈا کے شہر اوٹاوہ میں منعقدہ گڈ لائف اوپن ٹورنامنٹ کے فائنل میں دانش اطلس ٹاپ سیڈ مارٹن نائٹ کی دیوار گرانے میں ناکام رہے، نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے حریف گذشتہ سال رنرزاپ رہے تھے، اس بار انھوں نے بغیر کوئی گیم ڈراپ کیے ٹائٹل کی طرف پیش قدمی جاری رکھی، دانش نے میچ کا آغاز تو اچھا کیا لیکن بعد ازاں کارکردگی میں تسلسل برقرار نہ رکھ سکے، سخت مقابلے کے بعد گیم کے آخر میں انھوں نے مارٹن کو 11-8 سے برتری حاصل کرنے کا موقع فراہم کردیا۔

دوسرے گیم میں بھی دانش ابتدا میں حریف کو دباؤ میں لائے لیکن اسٹیمنا کی کمی کے سبب مقابلہ 9-9 سے ٹائی ہوگیا،اس موقع پر مارٹن نے مضبوط اعصاب کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13-11 سے برتری حاصل کی، مسلسل 2 گیمز ہارنے کے بعد دانش بھی ہمت ہار گئے اور 6-0 سے گیم گنواکر ٹائٹل مارٹن کی جھولی میں ڈال دیا۔



یاد رہے کہ کیوی کھلاڑی پانچویں ورلڈ ٹوراعزاز کے مالک بنے ہیں۔ پاکستان کے ایک اور نوجوان کھلاڑی حمزہ بخاری ایریزونا میں منعقدہ ایونٹ کے فائنل میں ٹاپ سیڈ ریکس ہیڈرک کے مقابل تھے، آسٹریلوی پلیئر نے سیمی فائنل میں طیب اسلم کو 100 منٹ کے مقابلے میں شکست دی تھی، ٹائٹل میچ میں انھیں حمزہ کی طرف سے سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا لیکن تینوں گیمز جیتنے میں سرخرو رہے، پہلے گیم میں انہوں نے 11-9 سے برتری ثابت کی، دوسرے میں بھی یہی اسکور رہا۔

تیسرے گیم کے آغاز میں دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بعد ازاں ریکس ہیڈرک حاوی ہوگئے اور نتیجہ 11-7 سے اپنے حق میں کرتے ہوئے ٹرافی پر قبضہ جمالیا۔ آسٹریلوی پلیئر کے کیریئر کا یہ آٹھواں جبکہ سال کا تیسرا ورلڈ ٹور ٹائٹل ہے۔