بد عنوان بلدیاتی افسران نے عوامی بیت الخلا بھی بیچ ڈالے

انگریز دور میں بنائے گئے ٹوائلٹ خریدار نے راتوں رات مسمار کرکے شٹر لگا دیے


Numainda Express September 04, 2012
انگریز دور میں بنائے گئے ٹوائلٹ خریدار نے راتوں رات مسمار کرکے شٹر لگا دیے

RAWALPINDI: حیدرآباد شہر کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کرنے والے بلدیاتی افسران کے خلاف ذاتی مفادات کی خاطر بلدیہ کی مختلف عمارات اور مقامات کو مفت اور نہایت سستے دینے کی شکایات تو عام تھیں لیکن عوام الناس کیلیے انگریز دورکے بنے پبلک ٹوائلٹس بھی ناجائز طور پر فروخت کرنے کے الزامات ثابت ہونے کے باوجود ان کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہونے دی گئی۔

بااثر بلدیاتی افسران نے ادارے کے اثاثوں کو اونے پونے کرائے پر دے کر بلدیہ کو کروڑوں روپے کی آمدنی سے محروم کیا وہیں انھوں نے بلدیہ کی ایسی اراضی جو کسی کی نظر میں نہیں اس کی فروخت کا بھی بازار گرم کر رکھا ہے۔ اس مقصد کیلیے شاہی بازار کے گنجان آباد چھوٹکی گھٹی چوک کے قریب واقع بلدیہ کے پبلک ٹوائلٹ کو ملی بھگت سے ڈیڑھ سال قبل فروخت کر دیا، خریددار نے راتوں رات ٹوائلٹ گرا کر وہاں شٹر لگا دیا۔

عوامی بیت الخلا کی فروخت کیخلاف علاقہ مکین محمد شفیع نے صوبائی محتسب اور انجمن تاجران شاہی بازار کو درخواستیں دیں جس پر صوبائی محتسب نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ اعلی حیدرآباد سے رپورٹ طلب کی جس پر صوبائی محتسب کو رپورٹ بھیجی گئی کہ مذکورہ شٹر کو سیل کر دیا گیا ہے۔

رابطہ کرنے پر انجمن تاجران شاہی بازار کے صدر محمد سلیم وہرا نے تصدیق کی کہ بلدیہ کے بعض افسران نے جنہیں وہ جانتے ہیں علاقے کے بعض بااثر افراد کی ملی بھگت سے پبلک ٹوائلٹ کو اس وقت دکان میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جب وہ خود پنجاب گئے ہوئے تھے اور واپس آتے ہی انھوں نے بلدیہ کے ایڈمنسٹریٹر سے ملاقات کر کے یہ معاملہ اٹھایا جس پر پبلک ٹوائلٹ کی جگہ لگائے گئے شٹر کو سیل کر دیا گیا۔

دوسری جانب افسران کی جانب سے بلدیہ اعلی کو10 لاکھ روپے کا نقصان پہنچانے کا بھی انکشاف ہوا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال بلدیہ کا ماشہ خوری (تھلہ پتھارا) کا ٹھیکہ 17 لاکھ روپے میں دیا گیا اور اس سال تو بلدیاتی افسران نے اپنے اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ماشہ خوری کا ٹھیکہ محض 7 لاکھ روپے میں ایک مخصوص ٹھیکیدار کو دے دیا جس نے محض ایک لاکھ سے بھی کم رقم جمع کرا کر پورے تعلقہ سٹی کی حدود سے تھلہ پتھارا ٹیکس جمع کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔