9 محرم کا جلوس آج نشتر پارک سے برآمد ہوگا شہر بھر میں مجالس ہونگی

مرکزی مجلس سے مولانا شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے، شرکا جلوس ایم اے جناح روڈ پر نماز ظہرین ادا کریں گے


Staff Reporter November 14, 2013
8 محرم الحرام کا مرکزی جلوس ابوالحسن اسکائوٹس کی قیادت میں ایم اے جناح روڈ سے گزررہا ہے ۔ فوٹو : ایکسپریس

آج 9 محرم الحرام (جمعرات کو) نہایت عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، شہر بھر میں مجالس منعقد ہوں گی اور علم و ذوالجناح کے جلوس برآمد ہوں گے، مرکزی مجلس نشترپارک میں صبح 10 بجے منعقد ہوگی۔

جس سے ممتاز عالم دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی خطاب کریں گے بعدختم مجلس نشترپارک سے علم و ذوالجناح کامرکزی جلوس برآمد ہوگا جس کی قیادت پاک حیدری اسکاؤٹس کریں گے، مرکزی جلوس کے شرکا ایم اے جناح روڈ پر امام بارگاہ علی رضا کے سامنے نماز ظہرین ادا کریں گے جس کے انتظامات آئی ایس او کرے گی،9 محرم الحرام کے سلسلے کا ایک بڑا جلوس مرکزی امام بارگاہ لیاقت آباد سے صبح 7بجے برآمد ہوگا، یہ جلوس شاہ نجف مارٹن روڈ جائے گا جہاں مجلس ہوگی جس کے بعد یہ جلوس نشترپارک کی جانب روانہ ہوگا اور مرکزی جلوس میں شامل ہوجائے گا۔

مرکزی جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ایمپریس مارکیٹ، ریگل چوک، ڈینسوہال، لائٹ ہاؤس، سٹی کورٹ اور بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیان کھارادر پر اختتام پزیر ہوگا، اس موقع پر انتظامیہ نے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں اور مساجد و امام بارگاہوں سمیت شہر کے تمام حساس مقامات پر رینجرز و پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا جائے گا، مرکزی جلوس کے تمام راستوں کو سیل کردیا گیا ہے جلوس کے راستوں میں خفیہ کیمرے نصب کیے گئے ہیں مختلف تنظیموں کے تحت نشترپارک، پرانی نمائش اور اس کے اطراف پانی و شربت کی سبیلیں لگائی جائیں گی اور استقبالیہ و طبی کیمپ لگائے جائیں گے۔



انتظامیہ نے ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے ہیں اور جلوس کے راستوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت نہیں ہوگی، علاوہ ازیں انجمن سادات امروہہ کے زیراہتمام 8 محرم الحرام کا جلوس نشترپارک سے برآمد ہوا جلوس کی قیادت ابوالحسن اسکاؤٹس نے کی، 8 محرم کا جلوس اپنے مقررہ راستوں پرانی نمائش، ایم اے جناح روڈ، ڈینسوہال، سٹی کورٹ سے ہوتا ہوا حسینیاں ایرانیاں کھارادر پر اختتام پزیر ہوا۔

مختلف تنظیموں کے تحت نشترپارک اور اس کے اطراف استقبالیہ و طبی کیمپ اور پانی و شربت کی سبیلیں لگائی تھیں، انتظامیہ نے 8 محرم کے جلوس کے سلسلے میں سخت حفاظتی انتظامات کیے تھے اور جلوس کے راستوں میں رینجرز و پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا، انتظامیہ نے ٹریفک کے بھی متبادل انتظامات کیے تھے اور جلوس کے راستوں میں پبلک ٹرانسپورٹ کو جانے کی اجازت نہیں تھی، 8 محرم کے سلسلے میں شہر کے مختلف علاقوں رضویہ سوسائٹی، ملیرجعفرطیار، انچولی سوسائٹی، شاہ فیصل کالونی، اورنگی ٹاؤن و دیگر مقامات سے بھی ماتمی جلوس نکالے گئے۔