پریذیڈنٹ ون ڈے کپ یونس کی ففٹی کے باوجود حبیب بینک ناکام

کے آر ایل نے 7 وکٹ سے شکست دے دی، اسٹیٹ بینک کیخلاف این بی پی فتحیاب، فواد عالم کی سنچری


Sports Reporter November 14, 2013
سمیع اسلم نروس نائنٹیز کا شکار، حماد91 پر ناٹ آؤٹ۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ کپ ون ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ میں فواد عالم کے ناقابل شکست 106 رنز نے نیشنل بینک کو اسٹیٹ بینک کے خلاف کامیابی دلادی۔

سمیع اسلم نروس نائنٹیز کاشکار بنے، حماد اعظم نے 91 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، کے آر ایل سے میچ میں سابق کپتان یونس خان کے 69 رنز بھی حبیب بینک کو شکست سے نہ بچا سکے،دیگر میچز میں پی آئی اے، نیشنل بینک، ایس این جی پی ایل، پورٹ قاسم کی ٹیمیں حریف سائیڈز کو زیر کرنے میںکامیاب رہیں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام پریذیڈنٹ کپ ون ڈے ٹورنامنٹ میں گزشتہ روزجناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں نیشنل بینک نے اسٹیٹ بینک کو 77 رنز سے شکست دی۔ نیشنل بینک نے 3 وکٹوں پر 313 رنز بنائے۔میچ کی خاص بات فواد عالم کے ناقابل شکست 106رنز تھے جو انھوں نے 12 چوکوں کی مدد سے بنائے۔ سمیع اسلم 96 اور حماد اعظم ناٹ آؤٹ 91 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

تابش خان نے 2وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم 41.4 اوورز میں 236 رنز بناسکی، راحیل مجید 57، رمیز راجہ 52 اور گلریز صدف 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔این بی پی کی طرف سے عدنان رسول نے4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، محمد نواز نے 3 اور حماد اعظم نے 2 کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔کے آر ایل اسٹیڈیم راولپنڈی میں کے آر ایل نے حبیب بینک کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔حبیب بینک نے تمام وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔عمران فرحت بغیر کوئی کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے ، شان مسعود صرف ایک رن ہی بنا سکے تاہم حریف سائیڈ کی تباہ کن بولنگ کا مقابلہ کرنے والے واحد بیٹسمین یونس خان رہے جنھوں نے 10 چوکوں کی مدد سے 69 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن سابق کپتان اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ جمال انور 32 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔یاسر عرفات نے 3 جبکہ راحت علی اور علی خان نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔



جواب میں کے آر ایل نے ہدف صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر 37ویں اوورز میں پورا کر لیا۔محمد یاسین نے ناقابل شکست 78 اور زین عباس نے 57 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔نیشنل گراؤنڈ اسلام آباد میں پی آئی اے نے پی ٹی وی کو 53رنز سے زیر کیا۔ پی آئی اے نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 45 اوورز میں 9 وکٹیں گنوا کر 256 رنز بنائے۔ فیصل اقبال 56، کامران سجاد 45 اور فہد اقبال 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ محمد عباس اور یاسم مرتضی نے3 ، 3 مہرے کھسکائے جبکہ رضوان اکبر نے2 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں پی ٹی وی کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 203 رنز بنا سکی۔ محمد سمیع 43 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد قسمت سوئی ناردرن گیس پر مہربان رہی جس نے یونائیٹڈ بینک کو71 رنز سے قابو کیا، فاتح ٹیم نے 5 وکٹوں پر 253 رنز بنائے۔ حسنین طلعت 54، سلیم مغل 43، عظیم گھمن 33 اور نعیم الدین 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔یو بی ایل کی ٹیم 37.5 اوورز میں تمام وکٹیں گنوا بیٹھی، عابد علی 49 اور بسم اللہ خان نے 42 رنز بنائے۔ اظہر علی نے 3 اور عمران خالد نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پورٹ قاسم نے واپڈا کو 8 وکٹوں سے ہرایا۔ واپڈا نے تمام وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، سعد نسیم 69 رنز بنانے میں کامیاب رہے، سہیل خان نے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ پورٹ قاسم نے ہدف 2 وکٹوں پر پورا کر لیا۔ خالد لطیف نے ناقابل شکست 70 رنز بنا کر اپنی ٹیم کی فتح کا راستہ ہموار کیا۔کامران یونس 66 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔