بھارتی یوم جمہوریہ پر مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں تیزی، 3 نوجوان شہید

ویب ڈیسک  ہفتہ 25 جنوری 2020
نوجوانوں کو اوانتی پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

نوجوانوں کو اوانتی پورہ میں سرچ آپریشن کے دوران جعلی مقابلے میں شہید کیا گیا، فوٹو : فائل

 سری نگر: بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ سے محض ایک دن قبل قابض فوج کے سرچ آپریشن کے دوران مزید 3 کشمیری نوجوانوں کی شہادت کے بعد صرف ایک ہفتے کے دوران شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنت نظیر وادی کے ضلع پلوامہ کے علاقے اوانتی پورہ میں بھارتی فوج نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے نام نہاد سرچ آپریشن کیا جس کے دوران قابض فوج نے فائرنگ کے دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ حریت قیادت نے کل بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور منانے کا اعلان کیا ہے جس پرقابض بھارتی فوج نے یہ بزدلانہ کارروائی کی ہے۔

بھارت کے یوم جمہوریہ سے ایک دن قبل 2 نہتے کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل سے نام نہاد سیکولر ریاست کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ خو د کو جمہوریت کا چیمپئن کہلوانے والا بھارت حق آزادی دینے سے انکاری اور کشمیریوں کی نسل کشی کا ذمہ دار ہے۔ کشمیریوں کو بنیادی انسانی حقوق اور آزادی اظہار رائے سے محروم رکھا ہوا ہے۔

واضح رہے کہ محض ایک ہفتے کے دوران قابض بھارتی کی فائرنگ سے شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کی تعداد 8 ہوگئی ہے اور تاحال وادی میں انٹرنیٹ سروس معطل، ذرائع آمد و رفت مفقود، جان بچانے والی داؤں کی قلت  اور اجناس کا فقدان ہے۔ تمام تر پابندیوں اور مظالم کے باوجود غیور کشمیریوں نے بھارت کے یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔