کورونا وائرس امریکا کا اپنے شہریوں اور قونصلرعملے کو واپس بلانے کا فیصلہ

فرانس اور آسٹریلیا بھی ووہان سے اپنی شہریوں کے انخلا کے لیے فکر مند ہیں


ویب ڈیسک January 26, 2020
امریکا نے قونصل خانے کے عملے اور شہریوں کی واپسی کیلیے چارٹر طیارے کا انتظام کیا ہے، فوٹو : فائل

امریکا نے پُراسرار وائرس کی ہلاکتوں میں اضافے کے بعد سب سے متاثرہ شہر ووہان کے قونصل خانے کے عملے اور اپنے شہریوں کو واپس بلانے کے انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین میں پُراسرار کورونا وائرس نے 50 سے زائد افراد کی جان لے لی ہے جب کہ اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ کورونا وائرس کے اثرات امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی دیکھے گئے ہیں جس کے بعد سب ہی ممالک نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا شروع کردی ہیں۔

فرانس بھی اپنے شہریوں کو ووہان سے محفوظ شہر منتقل کرنے کی خواہش رکھتا ہے، آسٹریلیا نے بھی اپنے شہریوں کی حفاظت کے لیے چین سے رجوع کرلیا ہے۔ پاکستان نے 4 ہوائی اڈوں پر اسکریننگ شروع کردی اور بھارت بھی 'ٹرویل ایڈوائزری' جاری کرچکا ہے۔

اس حوالے سے امریکی حکومت نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے متاثرہ ترین شہر ووہان میں موجود اپنے قونصل خانے کے عملے اور شہریوں کو واپس بلانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے ایک خصوصی پرواز 28 جنوری کو ووہان سے سان فرانسسکو کے لیے روانہ ہوگی۔

واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والے پُراسرار وائرس کی ہلاکت خیزی میں دن بدن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور اب یہ وائرس سرحد کی قیود سے آزاد ہو کر دوسرے ممالک تک بھی پہنچ رہا ہے۔