25 ستمبر سے 8 اکتوبر تک 64 افراد نے خودکشی کی

38 افراد کو غیرت کے نام پر 26 اگست سے 24 ستمبر تک قتل کردیا گیا


INP November 15, 2013
65 خواتین سمیت 85 افراد پر جنسی تشدد، انسانی حقوق کمیشن کی رپورٹ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق کے نمائندہ اور معروف سماجی کارکن محمد باقر الزمان نے کہا ہے کہ 25 ستمبر سے 8 اکتوبر تک ملک بھر میں 64 افراد نے خودکشی کر کے اپنی قیمتی زندگیوں کاخاتمہ کر لیا۔

جن میں 15 خواتین شامل تھیں جبکہ 26 اگست سے 24 ستمبر تک 38 افراد کو کاروکاری کاالزام لگا کر قتل کردیا گیا، جن میں 28 خواتین اور 10 مرد شامل تھے، اسی عرصے میں 85 افرادکو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جنسی زیادتی کا شکارہونے والوں میں 65 خواتین شامل تھیں۔ جمعرات کو میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ 25 ستمبر سے 8 اکتوبر کے دوران 30 افراد نے گھریلو جھگڑوں ومسائل، 6 افراد نے معاشی تنگ دستی سے مجبور ہو کرزندگی کا خاتمہ کیا،خودکشی کے زیادہ ترواقعا ت پنجاب اور سندھ میں رونما ہوئے، بیشترکی عمریں 18 سے 40 سال اور اکثریت شادی شدہ تھیں۔



رپورٹ کے مطابق 26 اگست سے 24 ستمبر تک 38 افراد کو کاروکاری کی آڑ میں موت کی وادی میں پہنچا دیا گیا،جن میں 28 خواتین اور 10 مرد شامل تھے، کاروکاری کے تمام واقعات صوبہ سندھ میں رونما ہوئے، 9 خواتین اپنے شوہروں، 9 بھائیوں اور باقی قریبی رشتے داروں کے ہاتھوں قتل ہوئیں، 2 خواتین غیرشادی شدہ اور باقی شادی شدہ تھیں، 26 اگست سے 24 ستمبر تک 85 افراد کو جنسی تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جنسی زیادتی کا شکار ہونے والو ں میں 65 خواتین شامل تھیں، 50 واقعات کے مقدمات درج ہوئے، صرف 19 واقعات میں ملوث افراد گرفتار ہوسکے۔ پاکستان کمیشن برائے انسانی حقوق نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے واقعات کی روک تھام اور موثر قانون سازی کا مطالبہ کیا ہے۔