ڈی آئی خان میں سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے پولیس اہلکار جاں بحق 3 زخمی

پولیس اہلکار کلاچی میں محرم کی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد واپس آرہے تھے کہ انہیں نشانہ بنایا گیا، پولیس حکام


ویب ڈیسک November 16, 2013
جائے حادثہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، پولیس فوٹو؛فائل

KARACHI: سڑک کنارے نصب بم پھٹنے سے پولیس اہلکار جاں بحق جب کہ 3 زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں مڈی روڈ پر سڑک کنارے نصب بم اس وقت پھٹ گیا جب پولیس کی گاڑی قریب سے گزر رہی تھی، دھماکے کے نتیجے میں پولیس کی گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جب کہ اس میں سوار ایک اہلکار جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا جب کہ زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لئے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گاڑی میں سوار پولیس اہلکاروں کو محرم الحرام کی ڈیوٹی کے لئے کلاچی تعینات کیا گیا تھا جہاں سے وہ آرہے تھے کہ سڑک پر نصب بم سے انہیں نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہناہے کہ جائے حادثہ سے شواہد اکھٹے کرنے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، اس سے قبل بنوں میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر خودکش حملے کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔