حکومت پنجاب راولپنڈی کو بھی اپنا شہر سمجھتی تو حالات اتنے خراب نہ ہوتے شیخ رشیداحمد

سانحے کی تحقیقات ہائی کورٹ کے جج سے کرائی جائے، شیخ رشید احمد کا حکومت پنجاب سے مطالبہ


ویب ڈیسک November 16, 2013
تمام مکتبہ فکر کے علمائے کرام راولپنڈی کی اصل فضا کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں، شیخ رشید احمد فوٹو:ایکسپریس نیوز

پاکستان مسلم لیگ عوامی کے سربراہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں عاشورہ کے روز دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم اور اس کے بعد بازار کو جلانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت راولپندی کو بھی اپنا شہر سمجھتی تو حالات اتنے خراب نہ ہوتے۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہاکہ راجا بازار سب سے بڑی ہول سیل مارکیٹ ہے اور یہاں سے اشیا خوردو نوش شمالی علاقوں سمیت پورے ملک میں فراہم کی جاتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف راولپنڈی کو بھی اپنا شہر سمجھیں اور اس سانحہ جن تاجروں کا نقصان ہوا ہے انہیں پورا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں آگ لگنے کے بعد ایک سازش کے تحت فائر بریگیڈ کو آگے نہیں بڑھنے دیا گیا جس کے باعث زیادہ نقصان ہوا اور پولیس اہلکار حالات پر قابو پانے کے بجائے موقع سے بھاگ گئے۔

شیخ رشید احمد حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحے کی تحقیقات ہائی کورٹ کے جج سے کرائی جائے، اس موقع پر شیخ رشید نے تمام مکتبہ فکر کے علما ئے کرام سے اپیل کی وہ راولپنڈی کی اصل فضا کو بحال کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھاکہ لوگ صبر کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں اور بنیادی بات بھی یہی ہے کہ ہمیں ایک دوسروں کے عقیدوں کا احترام کرنا چاہئے۔

مقبول خبریں