ایئرپورٹ گندگی معاملہ مہوش حیات کے بعد امریکی ہدایتکارہ بھی سامنے آگئیں

مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کیلئے تمام ایئرپورٹس صاف ستھرے ہونے چاہئیں، امریکی ہدایتکارہ


ویب ڈیسک January 31, 2020
مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لئے تمام ایئرپورٹس صاف ستھرے ہوں ، امریکی ہدایتکارہ

اداکارہ مہوش حیات کے بعدامریکی ہدایتکارہ اور پروڈیوسر سنتھیا ڈان رچی نے بھی کراچی ایئرپورٹ کے واش روم میں گندگی کے حوالے سے اپنا تلخ تجربہ بیان کیا ہے۔

چند روز قبل مہوش حیات نے کراچی ایئرپورٹ کے واش روم میں گندگی، تعفن اور فرش پر گھومنے والے لال بیگوں پر انتظامیہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے لوگوں کے لیے حفظان صحت کے اصولوں کے منافی قرار دیاتھا۔ اس معاملے کو سامنے لانے پر لوگوں نے نہ صرف مہوش حیات کو سراہا تھا بلکہ اپنے تجربات بھی بیان کیے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: واش روم میں لال بیگ دیکھ کر مہوش حیات کا پارہ چڑھ گیا

مہوش حیات کے بعد امریکا کی فری لانس ہدایت کارہ، پروڈیوسر اور مصنفہ سنتھیا ڈان رچی نے بھی کراچی ایئرپورٹ پر ناخوشگوار تجربے کو بیان کرتے ہوئے لکھا میں مہوش حیات سے مکمل اتفاق کرتی ہوں۔ میں ابھی ایئرپورٹ سے واپس آئی ہوں اور وہ بہت گندا تھا یہاں تک کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کا واش روم بھی بہت خراب حالت میں تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مہوش حیات کی ایک ٹویٹ پر حکومت ایکشن میں

سنتھیا نے اعلیٰ حکام سے گزارش کرتے ہوئے کہا حکام کو یہ یقینی بنانے کی ضرورت ہے کہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کے لئے تمام ایئرپورٹس صاف ستھرے ہوں اور وہاں مناسب کام ہورہا ہو۔

https://twitter.com/CynthiaDRitchie/status/1222934319435538433