عراق میں نئے وزیراعظم کی تقرری کے باوجود مظاہرے بدستور جاری

ویب ڈیسک  اتوار 2 فروری 2020
عراق میں سابق وزیر ٹیلی کمیونیکیشن محمد توفیق علاوی کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا گیا، فوٹو : فائل

عراق میں سابق وزیر ٹیلی کمیونیکیشن محمد توفیق علاوی کو نیا وزیراعظم مقرر کردیا گیا، فوٹو : فائل

 بغداد: سیاسی بحران کے شکار عراق میں سابق وزیر ٹیلی کمیونیکشن محمد توفیق علاوی کو ملک کا نیا وزیراعظم مقرر کردیا گیا ہے۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عراقی صدر برہم صالح نے ملک کے نئے وزیراعظم کے طور سابق وزیر ٹیلی کمیونیکیشن محمد توفیق علاوی کی تقرری کردی ہے۔ نئے وزیراعظم ایک ماہ میں کابینہ تشکیل دیکر پارلیمنٹ سے توثیق کرانے کے پابند ہوں گے، اگر وہ بھی ناکام ہوجاتے ہیں تو صدر برہم صالح قانون کے تحت 15 دن کے اندر کسی دوسرے شخص کو کابینہ تشکیل دینے کی ذمہ داری سونپ سکتے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں : پُرتشدد ہنگامے؛ عراقی وزیراعظم مستعفی، آرمی کمانڈر برطرف

عراق کے سابق وزیر اعظم عادل عبد المہدی کو ملک میں کئی ماہ سے جاری مہنگائی اور بیروزگاری پر پھوٹنے والے عوامی مظاہروں کے دوران درجنوں ہلاکتوں پر گزشتہ برس 30 نومبر کو مستعفی ہونا پڑا تھا تاہم آئین میں حاصل اختیارات کے تحت وہ نئے وزیراعظم کی تقرری تک بطور نگران وزیراعظم خدمات انجام دیتے رہے البتہ اب نئے وزیراعظم کی تقرری کے بعد وہ اپنے عہدے سے مکمل طور پر سبکدوش ہوگئے۔

عراق کے نئے وزیراعظم توفیق علاوی 2003 سے اب تک دو بار رکن پارلیمنٹ منتخب ہوچکے ہیں، علاوہ ازیں وزیراعظم نوری المالکی کابینہ میں انہوں نے بطور وزیر ٹیلی کمیونیکشن اپنی خدمات انجام دی ہیں تاہم مظاہرین اب بھی سڑکوں پر موجود ہیں اور نئے وزیراعظم کا پہلا چیلینج ان مظاہرین کو مطمئن کرنا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔