عالمی اسنوکر قومی ٹیم کیلیے فنڈز جاری کرنے سے انکار

پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فیصلے سے پلیئرز کی شرکت خطرے میں پڑگئی


Sports Reporter November 18, 2013
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے فیصلے سے پلیئرز کی شرکت خطرے میں پڑگئی۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسپورٹس بورڈ نے عالمی اسنوکر چیمپئن شپ میںشرکت کرنے والی قومی ٹیم کے لیے فنڈز جاری کرنے سے انکار کردیا۔

27 نومبر سے لوٹیا میں شروع ہونے والی آئی بی ایس ایف عالمی اسنوکر چیمپئن شپ کے انفرادی ایونٹ میں عالمی چیمپئن محمد آصف نے اپنے اعزاز کا دفاع کرنا ہے جبکہ ان کی قیادت میںشاہدآفتاب،عمران شہزاد اورمحمد سجاد پر مشتمل قومی ٹیم چیمپئن شپ کے ٹیم ایونٹ میں شریک ہوگی، پاکستان بلیئرڈ اینڈ اسنوکر ایسوسی ایشن کے صدر عالمگیر شیخ کا کہنا ہے کہ عالمی اعزاز حاصل کرنے پرآئین کے تحت قومی اسپورٹس پالیسی کے مطابق محمد آصف کو ایک کروڑ روپے کا انعام دینا تو دور کی بات رہی، پی ایس بی عالمی چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے درکار فنڈز بھی دینے کے لیے تیار نہیں ہے، ایسوسی ایشن کی جانب سے باربار کی یاددہانیوں کے باوجودپی ایس بی کے کانوں پرجوں تک نہیں رینگی۔



انھوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کے حکومتی ادارے کی جانب سے عدم دلچسپی اور عدم توجہی مایوس اور حیران کن ہے، چیمپئن شپ میں متوقع بہترین کارکردگی ملک و قوم کا وقاربلند کر سکتی ہے، عالمگیر شیخ نے کہا کہ پی ایس بی کے رویہ پر حوصلہ شکن ہونے کی بجائے ایسوسی ایشن اپنے وسائل کو بروئے کارلاتے ہوئے قومی ٹیم کی عالمی چیمپئن شپ میں شرکت کو یقینی بنائے گی، عالمگیر شیخ کے مطابق اگر پی ایس بی نے رواں سال کے اختتام تک اپنا غیرمناسب رویہ تبدیل نہ کیا تو پھر آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر برائے بین ا لصوبائی رابطہ ریا ض پیر زادہ کی تحریری ہدایت کے باوجود پی ایس بی نے پاکستان ٹین پن بالنگ فیڈریشن کو فنڈز جاری نہ کیے جس کے سبب پاکستان روس میں ہونے والی عالمی ٹین پن بالنگ چیمپئن شپ میں شرکت سے محروم ہوگیا۔