ٹنڈولکر کو رخصت ہوتا دیکھ کر حنیف محمد آبدیدہ ہوگئے

سابق پاکستانی اسٹار نے بھارتی بیٹسمین کو لٹل ماسٹرکے ٹائٹل کا اصل حقدار قرار دیدیا


Sports Reporter November 19, 2013
سابق پاکستانی اسٹار نے بھارتی بیٹسمین کو لٹل ماسٹرکے ٹائٹل کا اصل حقدار قرار دیدیا فوٹو: فائل

سچن ٹنڈولکر کو کرکٹ کی دنیا سے رخصت ہوتا دیکھ کر حنیف محمد آبدیدہ ہوگئے.

پاکستان کے سابق شہرہ آفاق کرکٹر نے بھارتی بیٹسمین کو لٹل ماسٹر کے ٹائٹل کا اصل حقدار قرار دیدیا، ان کا کہنا ہے کہ حال ہی میں غروب ہونے والے سورج کی آب و تاب نے کئی نوجوان کھلاڑیوں کا مستقبل روشن کیا، پاکستانی بیٹسمین بھی سبق سیکھیں۔ تفصیلات کے مطابق عالمی کرکٹ میں لٹل ماسٹر کا خطاب سب سے پہلے حنیف محمد کوملا تھا لیکن انھوں نے سچن ٹنڈولکر کو اس کا زیادہ حقدار قرار دیا،سابق پاکستانی کپتان نے کہا کہ بھارتی ماسٹر بلاسٹر کا کیریئر دیگر نوجوان کرکٹرز کے لیے ایک روشن مثال ہے، ویرت کوہلی، روہت شرما اور شیکھر دھون جیسے باصلاحیت بیٹسمین دراصل سچن ٹنڈولکر کی ہی وراثت ہیں، انھوں نے کھیل کے میدانوں میں جو سنگ میل حاصل کیے شائد ہی کوئی دوسرا اس بلندی کو چھو سکے۔



حنیف محمد نے کہا کہ میری خوش قسمتی ہے کہ ڈان بریڈمین جیسے عظیم کرکٹر کے ساتھ کھیلنے کے بعد سچن ٹنڈولکر کو ایکشن میں دیکھنے کا موقع بھی ملا، بھارتی لٹل ماسٹر کو الوداع کہنے کے مناظر دیکھ کر میری آنکھیں بھی بھر آئی تھیں، آج سے 10سال قبل ناقدین کا کہنا تھا کہ ٹنڈولکر کا دور ختم ہوا،میں نے ایک بھارتی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کہا کہ ایک ہیرے کو بے کار چیز سمجھنے کی غلطی نہ کریں۔ خوشی ہے کہ میری رائے درست ثابت ہوئی،ٹنڈولکر نے آہنی عزم سے فارم اور فٹنس بحال کرکے دکھا دی اور وہ مزید کئی ریکارڈز پاش پاش کرنے میں کامیاب ہوگئے،افسوس ہے کہ انھوں نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا، میرے خیال میں وہ مزید 3 سال تک اسی معیار کی شاندار کرکٹ کھیل سکتے تھے۔ حنیف محمد نے کہا کہ ان دنوں پاکستانی بیٹنگ کے زوال کا ذکر چل رہا ہے، میں نوجوان بیٹسمینوں کو نصیحت کروں گا کہ ٹنڈولکر کی ویڈیوز دیکھیں اور سمجھیں کہ انھوں نے وقت کے ساتھ ساتھ کسی طرح اپنی تکنیک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا۔