سازش کے تحت فرقہ وارایت کا زہر گھولا جارہا ہے رابطہ کمیٹی

علمائے حق کو خراج تحسین، جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم سے رابطہ کمیٹی کی ملاقات


Staff Reporter November 19, 2013
علمائے حق کو خراج تحسین، جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعیم سے رابطہ کمیٹی کی ملاقات. فوٹو فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے اراکین ڈاکٹرصغیراحمد ، واسع جلیل، خالد سلطان، سیف یار خان اور عامر خان نے جامعہ بنوریہ سائٹ ٹائون کے مہتمم مفتی نعیم سے ملاقات اور ان سے ملک میں فرقہ وارانہ قتل و غارت گر ی اور فسادات کی گھنائونی سازش کے خلاف بھرپور کردار ادا کرنے پر قائد تحریک الطاف حسین کی جانب سے اظہار تشکرکیا۔

اس موقع پر حق پرست پارلیمنٹیرین خواجہ اظہار الحسن، عادل صدیقی اور اظہار احمد خان بھی موجود تھے۔ رابطہ کمیٹی نے مفتی نعیم کے خیالات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سانحہ راولپنڈی کے بعد فرقہ وارانہ فسادات کی آگ منصوبہ بندی کے تحت ملک بھر میں پھیلانے کی کوشش کی جارہی تھی، اس مذموم کوشش کوروکنے کیلیے تمام مکاتب فکر کے علمائے حق نے جوعملی کردار ادا کیا اور اپنے اپنے مسالک کے عوام کو صبر کی تلقین کی اس پر تمام علمائے حق زبردست خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ فرقہ وارانہ فسادات کی سازش کو روکنا صرف علمائے حق کی ہی ذمے داری نہ سمجھی جائے بلکہ اس میں تمام مذہبی و سیاسی جماعتوں کو بھی کلیدی کردار ادا کرنا چاہیے۔



رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ ملک میں فرقہ وارایت کا زہر گھولا جارہا ہے اور ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت تمام مسالک کے عوام کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی ناپاک سازشیں کی جارہی ہیں۔ مفتی نعیم نے کہاکہ محرم الحرام کے قابل احترام مہینے میں راولپنڈی اور ملک کے دیگر علاقوں میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑکانے کے مکروہ عمل میں ملوث عناصر ملت اسلامیہ اور ملک کے کھلے دشمن ہیں اور ان کا کسی مسلک سے ہرگز کوئی تعلق نہیں ہوسکتا، سانحہ راولپنڈی میں ملوث عناصر کڑی سے کڑی سزا کے مستحق ہیں۔ مفتی نعیم نے ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی گھنائونی سازش کے خلاف الطاف حسین کے عملی کردار کو ملک و قوم کیلیے نیک اوراچھا شگون قرار دیا اور الطاف حسین کی درازی عمر، صحت و تندرستی اور ناگہانی آفات سے بچائو کیلیے خصوصی دعا کرائی ۔