شاہد علی خان سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر منتخب

سیکریٹری رمضان کا بھی بلا مقابلہ انتخاب،خوش بخت شجاعت ویمنز چیف ہونگی


Sports Reporter November 21, 2013
شکست کے بعد بیرسٹر شاہدہ جمیل نے انتخابات کو غیر قانونی قرار دے دیا۔ فوٹو: فائل

سابق قومی کپتان وکوچ اولمپئن شاہد علی خان سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے بلا مقابلہ صدر اور رمضان جمالی سیکریٹری منتخب ہوگئے۔

سابق خاتون رکن قومی اسمبلی خوش بخت شجاعت صوبائی ویمن ایسوسی ایشن کی صدر اورارم بخاری سیکریٹری منتخب ہوئیں،ہاکی کلب آف پاکستان اسٹیڈیم کراچی میں4سالہ مدت کیلیے انتخابات میں سابق صوبائی سیکریٹری رائوسلیم سندھ ہاکی ایسوسی ایشن کے چیئرمین نامزدہوئے،دیگر عہدیدران میں ابوذر امرائو (خازن) عبداللہ علی طلعت (سینئر نائب صدر) آصف احمد خان، اکبر قائم خانی اور اعجاز احمد کھوکھر( نائب صدور) محمد فاروق خان، اسلم خان نیازی اورعبدالرسول جانواری (جوائنٹ سیکریٹریز)، ناصر اجمیری، رشید احمد، ڈاکٹر شبیر، ذاکر حسین اورحسن عسکری متفقہ رائے سے مجلس عاملہ کے ارکان منتخب ہوئے، قبل ازیں سندھ ویمنز ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا۔



خوش بخت شجاعت پینل نے8ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ بیرسٹر شاہدہ جمیل کو 4 ووٹ ملے، جس کے بعد خوش بخت شجاعت صدر اور ارم بخاری سیکریٹری منتخب ہوگئیں، وہ پی ایچ ایف میں سندھ کی نمائندگی کریں گی،دیگر عہدیداروں میں مسز امتیاز کھوسو (خازن) روبینہ قائم خانی (سینئر نائب صدر) عذرا طلعت اور نزہت مسرور( نائب صدر) صنوبرکاظمی اور مشعل محمود (جوائنٹ سیکریٹریز) شامل ہیں۔ دریں اثنا شکست کے بعد بیرسٹر شاہدہ جمیل نے انتخابات کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ویمن کونسل کے آئین کے مطابق خوش بخت شجاعت کوکسی ریجن نے صدارت کیلیے نامزد نہیں کیا تھا، چنانچہ ان کا انتخاب غیر قانونی ہے، وہ اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے پی ایچ ایف کے الیکشن کمیشن اور پی او اے سے رجوع کریں گی، پریس کانفرنس کے ذریعے حقائق کوسامنے لایا جائے گا ۔