انٹرنیشنل سائیکل ریس میں شرکت پاکستانی ٹیم شارجہ پہنچ گئی

20 ممالک کے پلیئرز حصہ لیں گے، زیادہ تعداد یورپیئنز کی ہے،سید اظہر علی شاہ


Sports Reporter November 21, 2013
20 ممالک کے پلیئرز حصہ لیں گے، زیادہ تعداد یورپیئنز کی ہے،سید اظہر علی شاہ. فوٹو رائٹرز

پاکستان کی9 رکنی ٹیم ٹور آف شارجہ انٹرنیشنل سائیکل ریس میں شرکت کے لیے گذشتہ شب یو اے ای پہنچ گئی، قیادت پاکستان واپڈا کے نثار احمد کے سپرد جبکہ نائب کپتان کے فرائض غلام عباس انجام دے رہے ہیں۔

دیگرکھلاڑیوں میں زاہد گلفام، نعمت اﷲ ، حیبب اﷲ ، غلام عباس ، محمد صابراور نثار احمد شامل ہیں۔ نصر خان ٹیم کوچ اور شفیق چیمہ اسسٹنٹ کوچ ہیں۔ سیکریٹری پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن سید اظہر علی شاہ چیف ڈی مشن جبکہ نثار احمد سیکریٹری خیبرپختونخوا ایسوسی ایشن منیجر ہیں۔قبل ازیں سید اظہر علی شاہ نے میڈیا کو بتایا کہ ٹورآف شارجہ انٹر نیشنل سائیکل ریس میں20 ممالک کے سائیکلسٹس شرکت کررہے ہیں، ان میں زیادہ تعداد یورپیئن پلیئرزکی ہے، انھوں نے کہا کہ ٹیم سلیکشن میرٹ پر کی گئی، آخری مرحلے میں 80 کلومیٹر تک ٹیم ٹرائلز کرائے گئے جس میں سائیکلسٹس نے 47.52 گھنٹے کا فاصلہ طے کیا۔



انھوں نے کہا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے زیر سایہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس کے بعد ٹیم منتخب ہوئی۔ سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ ٹور آف شارجہ انٹر نیشنل سائیکل ریس چار مرحلوں میں منعقد ہوگی ، پہلا مرحلہ111 کلومیٹر ٹریک ریس ، دوسرا175 کلومیٹر روڈ ریس ،تیسرا134 کلومیٹر روڈ ریس اور چوتھا147 کلومیٹر روڈ ریس پر مشتمل ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ ریس انٹرنیشنل سائیکلنگ یونین کے قوانین کے مطابق کرائی جا رہی ہے، اس کی انعامی رقم16 ہزار ڈالر ہوگی ۔انھوں نے کہا کہ یہ دوسرا موقع ہوگا کہ پاکستانی ٹیم سال میں دوسری مرتبہ انٹرنیشنل سائیکل ریس میں شرکت کررہی ہے۔