کراچی میں پراسرار گیس سے ہلاکتیں 7 ہوگئیں، 150 افراد متاثر

ویب ڈیسک  پير 17 فروری 2020
پاک بحریہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں،  متاثرہ افراد کے خون کے نمونے لے لئے

پاک بحریہ نے واقعے کی تحقیقات شروع کردیں، متاثرہ افراد کے خون کے نمونے لے لئے

 کراچی: کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیلنے سے ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی جب کہ 150 افراد متاثر تاحال گیس پھیلنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گزشتہ روز کیماڑی کے علاقے میں زہریلی گیس پھیل گئی جس کے باعث یہ ہلاکتیں ہوئی، تاحال یہ بات معمہ بنی ہوئی ہے کہ گیس کے اخراج کا ذریعہ کیا تھا؟

یہ پڑھیں : پورٹ سے گیس خارج ہونے کے شواہد نہیں ملے، چیئرمین کے پی ٹی

جاں بحق ہونے والوں میں 2 خواتین، ایک بچہ اور 4 مرد شامل ہیں۔ ہلاک شدگان کی شناخت معمار بی بی، یاسمین ، رضوان ، عظیم اختر، احسن، رابش اور 30 سالہ عمران ولد اشرف کے نام سے ہوئی۔

ایک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی جس کی عمر 55 سال کے قریب ہے وہ سڑک پر بے ہوشی کی حالت میں پڑا ہوا ملا جسے ایک رکشا والا ضیا الدین اسپتال منتقل کر رہا تھا کہ وہ دوران منتقلی انتقال کرگیا۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی میں پراسرار زہریلی گیس کا اخراج، 4 افراد جاں بحق اور 70 متاثر

ڈاکٹرز کے مطابق سگریٹ پینے والے اور سانس کے مرض کا شکار مرد اس واقعے میں زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

پاک بحریہ کے ماہرین نے بھی واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ نیوی کی نیوکلیئر ٹیم نے اسپتالوں میں متاثرہ افراد کا معائنہ کیا اور خون کے نمونے لیے جبکہ کیماڑی کے علاقے سے پانی کے نمونے بھی حاصل کیے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ بندرگاہ پر کسی کنٹینر سے گیس کا اخراج ہوا ہے۔ دوسری طرف کراچی پورٹ ٹرسٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کراچی پورٹ کے اندر کسی جہاز یا کارگو سے کیمیکل یا گیس خارج نہیں ہوئی۔

ادھر محکمہ صحت سندھ نے اسپتالوں میں ہائی الرٹ کرتے ہوئے ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی موجودگی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔