پہلا ون ڈے بھارتی اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کو تگنی کا ناچ نچا دیا

جڈیجا اور رائنا نے 3،3 وکٹیں لیں، روہت شرما اور ویرت کوہلی کی نصف سنچریاں


Sports Desk November 22, 2013
روہت شرما نے 72 اور مین آف دی میچ ویرت کوہلی نے 86رنز کی اننگز کھیلیں۔ فوٹو: بی سی سی آئی

لاہور: پہلے ون ڈے میں بھارتی اسپنرز نے ویسٹ انڈیز کو تگنی کا ناچ نچا دیا، رویندرا جڈیجا، سریش رائنا اور ایشون نے 8وکٹوں کا بٹوارا کرتے ہوئے مہمان ٹیم کی اننگز211رنز پر سمیٹ دی۔

جواب میں روہت شرما اور ویرت کوہلی کی ففٹیز نے ٹیم کو باآسانی 4 وکٹ پر ہدف تک رسائی دلا دی، یوں6 وکٹوں سے فتح ہاتھ آئی۔ کیریبیئن سائیڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، کرس گیل صفر پر رن آئوٹ ہونے کے ساتھ انجری کا شکار بھی ہو گئے،دوسری وکٹ کیلیے جانسن چارلس اور مارلون سموئلز نے 65رنز جوڑے، دونوں بالترتیب 42اور24رنز پر رخصت ہوئے، ڈیوائن براوو نے لینڈل سمنزکے ساتھ چوتھی وکٹ کیلیے اسکور میں65 رنز کا اضافہ کیا۔



بیٹسمینوں کو اسپنرز کا سامنا کرنے میں خاصی دشواری کا سامنا کرنا پڑا، وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں اور48.5 اوورز میں211پر اننگز کا اختتام ہو گیا، براوو نے سب سے زیادہ 59رنز بنائے، سمنز 29 اور کپتان ڈیرن براوو 24رنز دیگر نمایاں پلیئرز رہے، جڈیجا اور رائنا نے 3،3جبکہ ایشون نے 2 وکٹیں لیں، جواب میں بھارت نے35.2 اوورز میں4 وکٹ پر 212رنز بنا لیے، روہت شرما نے 72 اور مین آف دی میچ ویرت کوہلی نے 86رنز کی اننگز کھیلیں۔