اسنوکر آصف نے سیمی فائنل میں رسائی ممکن بنالی

عالمی چیمپئن نے دونوں میچز جیت لیے،شاہد اور بابرکے بھی جوائن کرنے کاامکان روشن


Sports Reporter November 22, 2013
عالمی چیمپئن نے دونوں میچز جیت لیے،شاہد اور بابرکے بھی جوائن کرنے کاامکان روشن۔ فوٹو: فائل

عالمی چیمپئن محمدآصف نے اپنے دونوں میچز جیت کر چوتھے قومی رینکنگ اسنوکر کپ کے سیمی فائنل میں رسائی ممکن بنالی۔

ٹاپ سیڈ شاہد آفتاب اورحیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے سیڈ14بابر مسیح کے بھی فائنل فور تک پہنچنے کا امکان روشن ہے،تفصیلات کے مطابق مقامی ہوٹل میں جاری ایونٹ کے تیسرے روز سیڈ6محمد آصف نے سیڈ4محمد سجاد کو4-0 سے ہرا دیا،عالمی چیمپئن نے سنچری بریک(101)بھی کھیلا،بعد ازاں محمدآصف نے سیڈ12شرجیل محمود کو4-1 سے مات دی،سیڈ7حمزہ اکبر نے سیڈ3عبدالستار کو4-2 سے ہرانے کے بعدسیڈ2عمران شہزاد کوبھی اسی اسکور سے زیر کیا، سیڈ18محسن امین نے سیڈ12شرجیل محمودکو4-3، سابق عالمی چیمپئن اورسیڈ16محمد یوسف نے سیڈ10عامر طارق کو4-2سے مات دی۔



سیڈ 14 سلطان محمد نے سیڈ9ابو صائم کو4-0 سے شکست دے کر اپ سیٹ کیا،سیڈ14بابر مسیح نے بہترین صلاحیتوںکا مظاہرہ کرتے ہوئے محمد یوسف کو4-1سے زیر کرنے کے بعد اپنے دوسرے میچ میں محسن امین کو4-1سے شکست دیدی، ٹاپ سیڈ شاہد آفتاب نے عامر طارق کو4-1سے ہرانے کے بعد فرحان نور کوبھی اس اسکور پر زیرکیا، دیگر مقابلوں میں محمد سجاد نے فرحان نور،عمران شہزاد نے ابو صائم،خرم آغا نے محمد ماجد علی،محمد بلال نے سلطان محمود،عبدالستار نے اسجد اقبال، محمد بلال نے محمد ماجد علی اوراسجد اقبال نے سابق قومی چیمپئن خرم آغا کو ہرایا، جمعے کو رائونڈ مقابلوں کا آخری دن ہے، ہفتے کو11فریمز پر مشتمل دونوں سیمی فائنلز کھیلے جائیں گے۔