ملک کے تمام اسکولوں اور مدارس میں یکساں تعلیمی نصاب نافذ کیا جائے گا، شفقت محمود

ذوالفقار بیگ  منگل 18 فروری 2020
ہمارا تعلیمی نظام 3 طبقات میں بٹا ہوا ہے، شفقت محمود فوٹو: فائل

ہمارا تعلیمی نظام 3 طبقات میں بٹا ہوا ہے، شفقت محمود فوٹو: فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک کے تمام اسکولوں اور مدارس میں یکساں تعلیمی نصاب نافذ کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ہمارے مذہب اور زبانیں مختلف ہو سکتی ہیں لیکن ہمارا دل پاکستانی ہے، ہم سب ایک ہیں، ہم سب میں پاکستان ایک مشترکہ چیز ہے، ہماری کوشش ہے کہ جہاں قومی ثقافت کو فروغ دیا جائے وہی علاقائی ثقافت کو بھی فروغ دیا جائے، ہمیں مختلف مشکلات کا سامنا ہے لیکن انہیں ہم سب کو مل کر حل کرنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی آزادی میسر ہے، وزیراعظم کی سوچ اور وژن کے مطابق کرتار پور کوریڈور کھولا گیا، گورو نانک یونیورسٹی بھی بنائی جا رہی ہے، ہم تمام اقلیتوں کو سہولیات دینا چاہتے ہیں جب کہ بھارت میں مسلمانوں کو حقوق نہیں دیے جا رہے، کشمیر میں بھی لوگوں کی زندگی اجیرن ہو گئی ہے.

شفقت محمود کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلیمی نظام 3 طبقات میں بٹا ہوا ہے، ہم نے بچوں کو سرکاری اسکول، ایلیٹ اسکول اور مدارس میں بانٹ کررکھ دیا ہے، ہم نے تہیہ کیا کہ ہم یہ تفریق ختم کریں گے، یہ ہم سب کا پاکستان ہے تو مذاہب کے علاوہ تعلیم بھی ہم سب کو برابر دینی ہے، ہمیں یکساں نصاب تعلیم بنانا ہے، یہ نصاب تمام پاکستان کے اسکولوں میں ہوگا، تمام اسکولوں میں نصاب ایک ہی ہو گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔