ہم دوغلے لوگ نہیں امریکی صدر کے سامنے بیٹھ کر ڈرون حملوں کے خلاف بات کی وزیراعظم

جن صوبوں میں ہماری حکومتیں نہیں ان کی بھی دل سے مدد کررہے ہیں، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک November 22, 2013
ہماری نیت خراب ہوتی تو سندھ حکومت کو اس کے حال پر چھوڑ دیتے اور کراچی کے مسئلے میں بھی ہاتھ نہیں ڈالتے، نواز شریف فوٹو؛ایکسپریس نیوز

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ڈرون حملے بند کرنے کا دل کہتے ہیں، حملوں کے خلاف پاکستانی احتجاج کو رسمی کہنا مناسب نہیں ہے۔

اسلام آباد میں قومی مشاورتی کانفرنس پاکستان وژن 2025 سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھاکہ ایک اخبار میں ڈرون حملے کے خلاف پاکستان کے احتجاج کو رسمی کہا گیا لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم رسمی احتجاج کرنے والے دوغلے لوگ نہیں اور یہ بات امریکا بھی اچھی طرح جانتا ہے کہ پاکستان کی موجودہ حکومت ایسی نہیں کہ کہے کچھ اور کرے کچھ اور۔ انہوں نے کہاکہ ہم نے اوباما سے اس کے سامنے بیٹھ کر ڈرون حملوں کے خلاف بات کی اور کہا ڈرون حملے کسی صورت قابل قبول نہیں، حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ماضی میں پارٹی کے دباؤ میں آکر بلوچستان میں اخترمینگل کی حکومت کوہٹایا، ان کی حکومت ختم کرنے پرآج تک پچھتاوا ہے۔ حکومتوں کے اکھاڑ پچھاڑ کے حق میں نہیں، ماضی میں اکھاڑ پچھاڑ ہوتی تھی لیکن اب سڑکوں پر آکر حکومتیں ختم کرنے کا سلسلہ ختم کردیا۔ انہوں نے کہاکہ بہت سے لوگ کہتے تھے سابق حکومت کو ختم کرکے خود کردار ادا کرو لیکن ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا کہ حکومت کو گرا دیا جائے جس کے باعث ہماری ہی جماعت کے لوگ کہتے تھے فرینڈلی اپوزیشن کا تاثر جارہا ہے۔ کبھی عوامی مینڈیٹ کو توڑنے کی کوشش نہیں کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میں ہماری مشترکہ حکومت ہے، وزیراعلی خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے ساتھ میرا رویہ شہباز شریف جیسا ہے جب کہ سندھ حکومت کی بھی بھرپور مدد کررہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھاکہ اگر ہماری نیت خراب ہوتی تو سندھ حکومت کی مدد نہیں کرتے، سندھ حکومت کو اس کے حال پرچھوڑدیتے اور کراچی کےمسئلےمیں ہاتھ نہیں ڈالتے، کراچی میں امن امان کیلیے وزیراعلی سندھ کی بھرپورمعاونت کررہے ہیں جب کہ وزیراعظم آزادکشمیر کو بھی یقین دلایا ہے کہ ہم ان کی حکومت کوتبدیل نہیں کریں گے اور حکومت ختم کرنے میں کسی سازش کاحصہ نہیں بنیں گے۔

مقبول خبریں