ٹریفک حادثات میں3خواتین اور4سالہ بچے سمیت6افراد ہلاک

سفاری پارک کے قریب گاڑی کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار4سالہ انس جاں بحق ہوگیا، بچے کے والد اور والدہ بھی زخمی


Staff Reporter November 23, 2013
پی آئی بی کالونی میں تیزرفتار گاڑی نے مدرسے جانے والی12سالہ لڑکی کو کچل دیا، گاڑیوں نے 2 خواتین کو روند ڈالا. فوٹو: فائل

ٹریفک حادثات میں 3 خواتین اور4سالہ بچے سمیت6افراد ہلاک جبکہ میاں بیوی زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کے علاقے پرانی سبزی منڈی ایدھی سینٹر کے قریب روٹ نمبرF-11 کی تیز رفتار منی بس نمبرJE-1681کی ٹکر سے سڑک عبور کرنے والی12سالہ لڑکی زہرہ دختر فضل سبحان اور 30سالہ نامعلوم خاتون ہلاک ہوگئی،دونوں لاشیں پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئیں،پولیس نے فوری طور پر جائے وقوع پر پہنچ کر شہریوںکی مدد سے حادثے کے ذمے دار منی بس کے ڈرائیور عصمت خان ولد قسمت خان کوگرفتار کرکے بس تحویل میں لے لی،پولیس کے مطابق متوفیہ زہرہ گھر سے مدرسے جارہی تھی۔

متوفیہ زہرہ پی آئی بی کالونی کی رہائشی تھی،ہیڈ محرر یعقوب کے مطابق متوفیہ مدرسے میں ساتویں جماعت کی طالبعلم تھی جبکہ ہلاک ہونے والی دوسری خاتون کی شناخت نہیں کی جاسکی۔



سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیکٹرL1میں روٹ نمبر 4Kبس اسٹاپ کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے30سالہ نامعلوم خاتون ہلاک ہوگئی،متوفیہ کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی،پولیس کے مطابق سیکٹر ایل ون میں موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے سلما ن نامی شخص کی ہلاکت کے بعد بھگدڑ مچ گئی تھی اسی دوران خاتون بھاگتی ہوئی سڑک پر آگئی،گاڑی نے خاتون کو ٹکرماردی جو موقع پر ہلاک ہوگئی،حادثے کا ذمے دار ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا۔

خاتون کی شناخت نہ ہوسکی ، گلشن اقبال کے علاقے سفاری پارک کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار4سالہ انس ولد ذوالفقار جاں بحق جبکہ اس کے والد ذوالفقار اور والدہ فاطمہ زخمی ہوگئیں، سائٹ بی کے علاقے گلبائی اٹک پیٹرول پمپ کے قریب ٹریلر نمبرZ-2649 کی ٹکر سے موٹر سائیکل نمبرKGB-5410 پر سوار22سالہ عبدالحسیب ولد عبدالحمید ہلاک ہوگیا ، پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے ذمے دار ٹریلر کو اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا ، رضویہ کے علاقے ناظم آباد نیو گولیمار میں نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے60سالہ شخص ہلاک ہو گیا ، پولیس کے مطابق متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ، پولیس نے نے عینی شاہدین کی مدد سے گاڑی کا نمبر حاصل کر کے ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم روانہ کر دی ہے ۔