بورڈ کو 1 سال بعد ہی ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی یاد آنے لگی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 21 فروری 2020
پلیئرزکیلیے لیگزکی بہترین اورمؤثر این او سی پالیسی تیارکرلی،وسیم خان
 فوٹو: فائل

پلیئرزکیلیے لیگزکی بہترین اورمؤثر این او سی پالیسی تیارکرلی،وسیم خان فوٹو: فائل

کراچی:  پی سی بی کو ایک سال بعد ہی ڈپارٹمنٹل کرکٹ کی یاد آنے لگی جب کہ کرکٹ کمیٹی نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ٹورنامنٹ کرانے کی تجویز پیش کردی۔

اقبال قاسم کی زیرسربراہی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مختلف امور کا جائزہ لیتے ہوئے مشاورت کی گئی، اس موقع پر ڈائریکٹر ڈومیسٹک ہارون رشید نے بتایا کہ رواں سیزن میں پی سی بی ابھی تک 12 ٹورنامنٹس کا انعقاد کرچکا ہے جس میں 190 میچز ہوئے، انھوں نے کھلاڑیوں کیلیے کھانے، پریکٹس کی سہولیات اورپچز کے معیار میں بہتری لانے سے متعلق بھی بریفنگ دی،کمیٹی نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن میں ڈپارٹمنٹل ٹورنامنٹ بھی کروانے کی تجویز پیش کردی، ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ ہارون رشید کو ممکنہ ونڈو کا جائزہ لینے کی ہدایت دی گئی ہے، اجلاس کے دوران 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کوچز کی تعیناتی اورکارکردگی کا جائزہ لینے کے عمل پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیف ایگزیکٹیو پی سی بی وسیم خان نے واضح کیا کہ کھلاڑیوں کیلیے لیگز کی ایک بہترین اور مؤثر این او سی پالیسی تیار کی گئی ہے، کمیٹی نے درخواست کی ہے کہ پی سی بی تمام کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کو ترجیح دینے سے متعلق پالیسی پرسختی سے عمل کرائے، ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق نے سلیکشن پالیسی، کارکردگی اور مستقبل کے حوالے سے لائحہ عمل کے بارے میں آگاہ کیا۔

انھوں نے کمیٹی کو بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کیلیے بہترین کھلاڑیوں کی نشاندہی کرلی ہے، پی ایس ایل بھی ورلڈکپ کیلیے قومی ٹیم کے انتخاب میں اہم ثابت ہوگی۔ عروج ممتاز نے کمیٹی کو گذشتہ 12 ماہ کے دوران خواتین کرکٹ میں پیش رفت اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کیلیے تیاریوں سے متعلق بھی بتایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔