پاکستان ہاکی فیڈریشن کی باگ ڈور اختر رسول کے سپرد

رانا مجاہد علی سیکریٹری مقرر ہو گئے، دونوں آفیشلز کا انتخاب بلامقابلہ کیا گیا


Sports Reporter November 24, 2013
بقیہ نشستوں کیلیے انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق 25نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ فوٹو: فائل

ممبئی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان اختر رسول نے پاکستانی ہاکی فیڈریشن کی باگ ڈور سنبھال لی، رانا مجاہد علی سیکریٹری منتخب ہو گئے، دونوں کا انتخاب بلا مقابلہ ہوا۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہور میں انتخابات کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہفتے کوآخری تاریخ تھی، چیف الیکشن کمیشن ارشد انصاری نے شام5 بجے تک انتظار کیا، بعد ازاں آئندہ4 سال کیلیے چوہدری اختر رسول کی صدارت اور رانا مجاہد علی کے سیکریٹری بننے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔



یاد رہے کہ اختر رسول سابق اولمپئن قاسم ضیا جبکہ رانا مجاہد علی سابق اولمپئن محمد آصف باجوہ کی جگہ سنبھالیں گے،بقیہ نشستوں کیلیے انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق 25نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے۔ دوسری جانب نو منتخب صدر اختر رسول نے سابق اولمپئنز کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اعادہ کیا، انھوں نے کہا کہ ہاکی میرے خاندان کے خون میں رچی بسی ہے، قومی کھیل کو کھویا ہوا شاندار ماضی واپس دلانا اولین مقصد ہوگا۔ سیکریٹری رانا مجاہد علی نے کہا کہ ہا کی کوگراس روٹ لیول سے بہتر بنانے کے اکیڈمی سسٹم کو مزید بہتر بنایا جائیگا۔