انڈر 19 کرکٹ نورولی اور دانیال کی سنچریاں لاڑکانہ کی ٹیم لڑکھڑاگئی

کراچی وائٹس کی پوزیشن مستحکم، لاہور شالیمار نے کوئٹہ کیخلاف گھیرا تنگ کردیا، فتح کیلیے80 رنز درکار8 وکٹیں باقی


Sports Reporter November 25, 2013
میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی کے بولرز نے بہاولپور ریجن کو 132 پر آئوٹ کرتے ہوئے فالوآن سے دوچار کردیا۔

ریجنل/ ڈیپارٹمنٹل انڈر19 سہ روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں لاہور شالیمار نے کوئٹہ ریجن کیخلاف گھیرا تنگ کردیا۔

فتح کے لیے آخری روز 80 رنز درکار جبکہ 8 وکٹ ابھی باقی ہیں۔ لاڑکانہ کے خلاف کراچی وائٹس کے نور ولی اور سید دانیال نے سنچریاں جڑ کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی۔ راولپنڈی کے سامنے بہاولپور کی ٹیم فالوآن کا شکار ہوگئی، اویس اقبال نے 6 بیٹسمینوں کو ٹھکانے لگایا، راولپنڈی کے نعمان اکرم نے بھی اتنی ہی وکٹیں اپنے نام کیں۔ سیالکوٹ سے میچ میں ملتان کی ٹیم 84 پر ڈھیر ہو کر مشکلات سے دوچار ہوگئی۔ پورٹ قاسم کیخلاف کے آر ایل ٹیم کو کامیابی یقینی نظر آنے لگی ۔ تفصیلات کے مطابق یوبی ایل گرائونڈ کراچی میں جاری لاہور شالیمار اور کوئٹہ ریجن کا مقابلہ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، پہلی باری میں تباہی کا شکار کوئٹہ نے دوسری اننگز میں 219 رنز بنا کر 104 کا ہدف دیا، لاہور شالیمار نے 2 وکٹ پر 24 رنز اسکور کرلیے ہیں، فتح کیلیے اسے مزید 80 رنز کی ضرورت ہے جبکہ اس کی 8 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

لاہور کی پہلی اننگز 156 رنز تک محدود رہی تھی۔ نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں میزبان وائٹس کے نور ولی اورسیددانیال نے سنچریاں جڑ کر ٹیم کو مضبوط پوزیشن پر لا کھڑا کیاہے،کراچی وائٹس نے لاڑکانہ کے 172 کے جواب میں 5 وکٹ پر306 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، نور ولی نے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز تراشی جبکہ سید دانیال 101 کیساتھ میدان سے رخصت ہوئے۔ لاڑکانہ کی ٹیم نے دوسری کاوش میں31 پر 2 وکٹیں گنوا دی ہیں۔ جمخانہ گرائونڈ اوکاڑہ میں سیالکوٹ کے سامنے ملتان کی ٹیم پہلی اننگز میں 84 پر ڈھیر ہوکر فالو آن کا شکار ہوگئی، احسان بھٹی نے 3 شکار کیے، ملتان نے دوسری اننگز میں1 وکٹ پر 173 رنز بنا لیے ہیں، حافظ الیاس82 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ یوسف بابر اتنے ہی اسکور کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ سیالکوٹ نے پہلی باری میں 291 رنز بنائے تھے۔ میرپور کرکٹ اسٹیڈیم میں راولپنڈی کے بولرز نے بہاولپور ریجن کو 132 پر آئوٹ کرتے ہوئے فالوآن سے دوچار کردیا۔



اویس اقبال نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 54 رنز کے عوض6شکار کیے، اس سے قبل راولپنڈی نے اپنی پہلی اننگز میں297 بنائے تھے، نعمان اکرم نے 107 رنز دیکر 6 پلیئرز کو میدان بدر کیا۔ بہاولپور نے دوسری کاوش میں بغیر کسی نقصان 11 اسکور کرلیے ہیں۔ شیخوپورہ اسٹیڈیم میں ایبٹ آباد کے 143 کے جواب میں لاہور راوی نے 312 رنز بنا کر برتری حاصل کی، امیر حمزہ اور فرحان نذر نے ففٹیز اسکور کیں۔ ایبٹ آباد نے دوسری باری میں 58 رنز پر ایک وکٹ کھو دی ہے۔ اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں میزبان ٹیم اور پشاور کے مابین جاری میچ بھی دلچسپ ہوچکا ہے۔ پہلی اننگز میں 295 رنز بنانے والی فیصل آباد کی ٹیم دوسری کاوش میں 70 اسکور پر 9 بیٹسمینوں کا نقصان برداشت کرچکی ہے، فواد درانی نے 5 اور سلمان شاہ نے 4 وکٹیں اپنے نام کیں۔ پشاور نے واحد اننگز میں 249 بنائے تھے۔ نیاز اسٹیڈیم حیدر آباد میں ڈیرہ مراد جمالی نے میزبان سائیڈ پر غلبہ حاصل کرلیا ہے۔

حیدر آباد کو پہلی اننگز میں 172 پر ٹھکانے لگانے کے بعد259 رنز بنائے، دوسری اننگز میںصرف51 پر 6 حریف بیٹسمینوں کو آئوٹ کرتے ہوئے اپنی گرفت مضبوط بنا لی ہے۔ بھٹو کرکٹ گرائونڈ اسلام آباد میں میزبان سائیڈ کیخلاف فاٹا نے پہلی اننگز میں 280 رنز جوڑے، سمیع اللہ 3 رنز کی کمی کے ساتھ سنچری مکمل نہ کرسکے، محمد عمیر نے 3 شکار کیے، اسلام آباد نے جوابی اننگز میں 130 پر8 وکٹیں گنوا دی ہیں، کفایت اللہ اور شادمان آفریدی نے3,3 وکٹوں کا بٹورا کیا۔ ڈیپارٹمنٹل ٹورنامنٹ میں کے آرایل اسٹیڈیم میں زیڈ ٹی بی ایل کی ٹیم اسٹیٹ بینک کے خلاف پہلی اننگز میں 150 پر آئوٹ ہوگئی، علی مرتضیٰ اور خالد خلیل نے 3,3 وکٹیں لیں۔پہلی کاوش میں204 اسکور کرنیوالی اسٹیٹ بینک کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 7 وکٹ پر 145 رنز بنا لیے ہیں۔ مرغزار گرائونڈ اسلام آباد میںکے آرایل کیخلاف پورٹ قاسم کی ٹیم پہلی اننگز میں 40 رنز پر پویلین لوٹ گئی، حفیظ الرحمان نے 4 اور مدثر ریاض نے3 وکٹیں لیں۔ فالو آن کے بعد دوسری باری میں بھی 164 پر 8 وکٹیں گنوا دی ہیں۔ کے آرایل نے واحد اننگز میں 343 رنز بنائے تھے۔