پریمیئر لیگ فٹبال پی اے ایف نے کے ای ایس سی کا فیوز اڑا دیا

ایونٹ کی مضبوط ٹیم 1-5 سے ہار گئی، عارف نواز اور منصور خان کے 2، 2 گول، باقی میچز برابر رہے


Sports Reporter November 25, 2013
انجری ٹائم میں ناکام ٹیم کے ایم موسٰی اور اورنگزیب سینئر کو یلو کارڈ کی ندامت اٹھانی پڑی۔ فوٹو: فائل

10 ویں پاکستان پریمیئر فٹبال لیگ میں پی اے ایف نے کے ای ایس سی کی مضبوط ٹیم کا 5-1 سے فیوز اڑا دیا،عارف نوازاور منصور خان نے 2،2گول کیے،دیگر 3میچ فیصلہ کن ثابت نہیں ہو سکے،بلوچ ایف سی کا کے پی ٹی، پی آئی اے کا واپڈا سے اور آرمی کا این بی پی سے مقابلہ برابر رہا۔

تفصیلات کے مطابق کے پی ٹی بینظیر اسپورٹس کمپلیکس کے فٹبال اسٹیڈیم پر کھیلے جانے والے لیگ کے148ویں میچ میں پہلے ہاف کے خاتمہ پر پی اے ایف کو حریف ٹیم کے خلاف 3-0کی برتری حاصل تھی،کھیل کے تیسرے ہی منٹ میں عارف نواز نے گیند کو جال میں پھینک کر اپنی ٹیم کو برتری دلوائی، 5منٹ بعد منصور خان نے گول داغ کراسے2-0 کی سبقت میں تبدیل کر دیا،کھیل کے 40 ویں منٹ میں ملنے والے موقع سے بھر پور فائدہ اٹھا کر ایم ذیشان نے گیند گول پوسٹ میں ڈالی تو مقابلہ 3-0ہو گیا،دوسرے ہاف کے چھٹے منٹ میں عارف نواز نے اپنا دوسرا گول کردیا،60 ویں منٹ میں ایم موسٰی نے گول کرکے کے ای ایس سی کا خسارہ کم کیا جبکہ اگلے ہی منٹ میں منصور خان نے اپنا دوسرا گول کرکے کامیاب ٹیم کو 5-1کی فیصلہ کن برتری دلوا دی۔



انجری ٹائم میں ناکام ٹیم کے ایم موسٰی اور اورنگزیب سینئر کو یلو کارڈ کی ندامت اٹھانی پڑی،کے ای ایس سی 14میچوں میں32 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر ہے، پی اے ایف 14میچوں میں24پوائنٹس حاصل کرکے5ویں پوزیشن پر آگئی، اسی میدان میں بلوچ ایف سی اور کے پی ٹی کے مابین مقابلہ1-1 سے برابر رہا،کھیل کے17ویں منٹ میں حبیب اللہ کے گول کی بدولت بلوچ ایف کو پہلے ہاف کے خاتمہ تک1-0 کی برتری حاصل تھی، کھیل کے75 ویں منٹ میںمحمد کے گول کے بعد مقابلہ 1-1سے برابر ہو گیا جو حتمی ثابت ہوا، بعد میں کوئی ٹیم گول نہ کر سکی،کورنگی بلوچ اسٹیڈیم پر پی آئی اے اور واپڈا کے درمیان پہلے ہاف کے خاتمہ تک مقابلہ کسی گول کے بغیر برابر تھا، کھیل کے 69 ویں منٹ میں واپڈا کے عارف محمود نے گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلوائی لیکن مقررہ وقت ختم ہونے سے محض ایک منٹ قبل پی آئی اے کے ذیشان علی نے گول کرکے واپڈا کی امیدوں پر پانی پھیر کر مقابلہ 1-1 کر دیا جو حتمی ثابت ہوا۔

ریفری نے واپڈا کے محمد احمد (22) اورحسنین عباس(66)جبکہ پی آئی اے کے ذیشان علی کوبطور تنبیہ یلوکارڈ دکھائے،میچ کمشنر فیفا ریفری محمد اقبال جونیئر نے ذیشان علی کو بہترین اسکورراورعارف محمود کو بیسٹ پلیئر قراردیا، 15میچوں میں 26 پوائنٹس حاصل کرنے والی واپڈا تیسری پوزیشن پر براجمان ہے جبکہ پی آئی اے 18 میچوں میںاتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے،کے ایم سی اسٹیڈیم پرآرمی اوراین بی پی کے درمیان میچ میں کوئی بھی ٹیم مقررہ وقت میںگول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی،ریفری نے باہم الجھنے اور نا مناسب لہجہ اختیار کرنے پر کھیل کے 7 ویں منٹ میںآرمی کے شاہد ضمیراورحریف ٹیم کے شیر محمد کوتنبیہ کرتے ہوئے یلو کارڈ دکھائے جبکہ این بی پی کے وسیم قادر کودوسری مرتبہ تنبیہ کے بعد ریڈکارڈ دکھا کر میدان سے نکال دیا،پیر کو لیگ میں ایک میچ کھیلا جائے گا،کے پی ٹی اسٹیڈیم میں پاکستان نیوی کا مسلم ایف سی سے ٹکرائو ہوگا۔