سانحہ راولپنڈی تحقیقاتی کمیٹی کی افسروں اور عملے کیخلاف کارروائی کی سفارش

ابتدائی رپورٹ تیار،آج وزیراعلیٰ کوپیش ہونیکاامکان،سنگین غفلت برتنےپرچندافسروں،عملہ کیخلاف فوجداری مقدمات کی بھی سفارش


Numainda Express November 25, 2013
کمیٹی نے ایلیٹ فورس کے 3کمانڈوز،ایک افسر،وائرلیس آپریٹرکے بیان بھی قلمبندکرلیے،فوٹو: فائل

سانحہ راولپنڈی میں پولیس اور انتظامیہ کے کردار کے تعین کیلیے قائم فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے ایلیٹ فورس کے 3 کمانڈوز اور ایک افسر سمیت وائرلیس آپریٹر کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد اپنی تحقیقات مکمل کرتے ہوئے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے جو آج وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کی جائے گی۔

رپورٹ میں سینئر افسران سے لے کر ماتحت عملہ تک کیخلاف پولیس آرڈر کے تحت مقدمہ درج کرنے اور چند افسران واہلکاروں کیخلاف انفرادی طور پر سخت محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب معائنہ کمیشن کے سابق سربراہ نجم سعید ، ایڈیشنل آئی جی انوسٹی گیشن ہملیش اور پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کے ندیم کیانی پر مشتمل 3 رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کو 7 روز کے اندر رپورٹ دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔ کمیٹی نے سابق آر پی او زعیم اقبال شیخ ، سی پی او بلال صدیق کمیانہ ، کمشنر خالد مسعود ، ڈی سی او ساجد ظفر، ایس ایس ایس پی آپریشن سکندر حیات ، ایس ایس پی سکیورٹی دار علی خٹک ، سینئر ٹریفک آفیسر حسیب شاہ، ایس پی راول جماعت شاہ بخاری ، ایس پی سی آئی اے چوہدری حنیف ، ڈی ایس پی سٹی راجہ طیفور ، ڈی ایس پی لیگل شریف مموٹہ، سب انسپکڑ الیاس اور نذیر سمیت پولیس کنٹرول پر ڈیوٹی کرنیوالے وائرلیس آپریڑز اور دیگر اہلکاروں کے بیانات قلمبند کیے اور جائے وقوع کی تصاویر اور وڈیو فوٹیج کاجائزہ لے کر افسران سے سوالات بھی کیے۔



کمیٹی نے سانحہ کے بعد متاثرہ امام بارگاہوں کا بھی دورہ کیا۔ اتوار کو بھی کمیٹی نے ایلیٹ پولیس فورس کے 3 کمانڈوز اور ایک افسر سمیت ایس پی راول چوہدری حنیف کے وائرلیس آپریٹر کے بیانات قلمبند کیے جس کے بعد رات گئے تک رپورٹ کی تیاری کا سلسہ جاری رہا۔ سینئر پولیس افسر کے مطابق کمیٹی نے اپنی ابتدائی رپورٹ میں غفلت برتنے والے سینئر پولیس افسروں سے لیکر ماتحت تک سب کیخلاف پولیس آرڈر کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے محکمانہ کاروائی کی سفارش کی ہے ، اسی طرح سنگین غفلت برتنے والے چند افسران اور عملے کیخلاف باقاعدہ فوجداری مقدمہ درج کرکے ان کیخلاف سخت محکمانہ کارروائی کی بھی سفارش کی گئی ہے ۔ پولیس افسر کے مطابق ابتدائی رپورٹ آج کسی وقت وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش کردی جائے گی ۔ دوسری جانب سانحہ راولپنڈی کے حوالے سے لاہور میں ایک اعلی سطح کا اجلاس بھی ہوا ۔ سینئر پولیس افسر نے 'ایکسپریس' کو بتایا کہ اجلاس میں اب تک کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔